رسائی کے لنکس

چارسدہ: انتہائی مطلوب شدت پسند کمانڈر گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام کے مطابق عرفان خراسانی مبینہ طور پر پولیس پر متعدد حملوں کے علاوہ ایک صحافی مکرم خان کے قتل میں بھی ملوث ہے۔

پاکستان کے شمالی مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیس نے ایک انتہائی مطلوب شدت پسند کمانڈر امان اللہ عرف عرفان خراسانی کو گرفتار کر لیا ہے۔

صوبائی پولیس نے چارسدہ کے علاقے میں جمعہ کو دیر گئے یہ کارروائی کی۔

حکام کے مطابق عرفان خراسانی مبینہ طور پر پولیس پر متعدد حملوں کے علاوہ ایک صحافی مکرم خان کے قتل میں بھی ملوث ہے۔

ضلع چارسدہ قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی سرحد پر واقع ہے۔ پولیس کے مطابق عرفان خراسانی کے دو ساتھیوں وسیع اللہ عرف ابوبکر اور روح اللہ عرف شمس الرحمن کو بھی گرفتار کیا گیا۔

حکام نے عرفان خراسانی کے سر کی قیمت پچاس لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل پشاور سے ملحقہ خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر چھاپا مارا اور اس دوران جھڑپ میں صدام نامی شدت پسند مارا گیا۔

قبائلی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق صدام پشاور میں اسکول پر حملے کا سہولت کار تھا جب کہ حکام کے بقول صدام پشاور اور اس کے گردو نواح میں انسداد پولیو کی ٹیموں پر جان لیوا حملوں میں بھی ملوث تھا۔

گزشتہ ہفتے سات دہشت گردوں نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا تھا جس میں 133 بچوں سمیت 149 افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں دہشت گردوں اور مشتبہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

XS
SM
MD
LG