رسائی کے لنکس

پاکستان:مذاکراتی ٹیموں کی پہلی ملاقات منگل کو


عرفان صدیقی
عرفان صدیقی

قومی امور کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ طرفین کے نمائندے غیر رسمی ملاقات کریں گے جس کے بعد باقاعدہ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

پاکستان میں حکومت کی تشکیل کردہ مذاکراتی کمیٹی اور بات چیت کے لیے طالبان کے نامزد کردہ مذاکرات کاروں کے درمیان منگل کو ملاقات ہورہی ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات میں بات چیت کا لائحہ عمل ترتیب دینے پرغور کیا جائے گا۔

قومی امور کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ طرفین کے نمائندے غیر رسمی ملاقات کریں گے جس کے بعد باقاعدہ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

گزشتہ ہفتے وزیراعظم نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کے لیے چار رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کالعدم تحریک طالبان نے بھی پانچ نام تجویز کیے تھے۔

لیکن پیر کو طالبان کی طرف سے تجویز کردہ ناموں میں سے ایک تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اس کمیٹی سے جب کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ فضل الرحمن نے اس عمل سے ہی علیحدگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد فی الوقت اس کمیٹی میں تین ارکان، مولانا سمیع الحق، پروفیسر ابراہیم اور لال مسجد کے سابق خطیب عبدالعزیز ہی باقی رہ گئے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی ایک روز قبل کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کا معاملہ "تسلی بخش" انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔

طالبان کی کمیٹی سے ملاقات سے قبل حکومت کی نامزد کردہ کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے جس میں وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان بھی شریک ہیں۔ اس کمیٹی میں عرفان صدیقی، سینیئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی، سابق سفارتکار رستم شاہ محمد مہمند اور سابق انٹیلی جنس افسر محمد عامر شامل ہیں۔
XS
SM
MD
LG