رسائی کے لنکس

طالبان کی پاکستانی مغویوں کو قتل کرنے کی دھمکی


طالبان شدت پسند (فائل فوٹو)
طالبان شدت پسند (فائل فوٹو)

جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم پر کام کرنے والے آٹھ سرکاری تعمیراتی ماہرین کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اگست میں اغواء کیا تھا۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان یا ٹی ٹی پی نےدھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے تین دسمبر تک اُس کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو جنوبی وزیرستان میں زیر تعمیر گومل زام ڈیم کے آٹھ مغوی ملازمین کو قتل کردیا جائے گا۔

عسکریت پسندوں نے منگل کو مقامی میڈیا کو بھیجی گئی ایک وڈیو فلم کے ذریعےیہ دھمکی دی ہے جس میں مغوی افراد کو حکومت سے مدد کی اپیل اور طالبان کا پیغام دیتے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں ڈیم پر کام کرنے والے ایک انجینیئر، شاہد علی خان، یہ پیغام دے رہے ہیں جبکہ مسلح افراد مغویوں کے پیچھے کھڑے ہیں مگر ان کے چہرے نظر نہیں آرہے۔

طالبان نے ان سرکاری ملازمین کو اگست میں گومل زام ڈیم سے ڈیرہ اسماعیل خان واپس جاتے وقت اغوا کیا تھا۔ تاہم وڈیو فلم کے ذریعے جاری کیے گئے پیغام میں عسکریت پسندوں کے مطالبات کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے اور نا ہی اس سے قبل اس کی کوئی مصدقہ تفصیلات جاری کی گئیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق طالبان اپنے بعض ساتھیوں کی رہائی اور دس کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG