رسائی کے لنکس

اسکول میں حادثاتی طور پر گولی چلنے سے طالب علم ہلاک


پولیس کے مطابق یہ واقعہ مینگورہ کے نواحی علاقے میں واقع ایک نجی اسکول میں ایک اسکول ٹیچر سے حادثاتی طور گولی چل جانے کے باعث پیش آیا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں حادثاتی طور پر گولی لگنے سے ایک 12 سالہ طالب علم ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ مینگورہ کے نواحی علاقے میں واقع ایک نجی اسکول میں پیش آیا جہاں ایک اسکول ٹیچر پستول صاف کر رہا تھا کہ حادثاتی طور گولی چل گئی۔

مقامی پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق سنگوٹا ماڈل اسکول کا ٹیچر اسٹاف روم میں پستول صاف کر رہا تھا جب حادثاتی طور پر اس سے گولی چل گئی جو برآمدے سے گزرنے والے ایک طالب علم کو جا لگی۔

سوات کے ضلعی پولیس افسر سلیم خان مروت نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہونے کہا کہ اسکول ٹیچر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر طالبان شدت پسندوں کی طرف سے ہونے والے مہلک حملے کے بعد خیبر پختونخواہ میں اسکولوں کے اساتذہ کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے اس سال جنوری میں اسکولوں کے اساتذہ اور دوسرے عملے کو اسلحہ چلانے کی تربیت دینا شروع کی تھی۔

تاہم اساتذہ کی تنظیموں اور سکیورٹی کے کئی ماہرین کی طرف سے اس اقدام کی اس بنا پر مخالفت کی گئی کہ شدت پسندوں سے لڑنا اسکول کے اساتذہ کی ذمہ داریوں میں شامل نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG