رسائی کے لنکس

دہشت گرد ی کا ممکنہ خطرہ، پاکستان اور امریکہ کا انتباہ


پاکستانی سکیورٹی اہلکار (فائل فوٹو)
پاکستانی سکیورٹی اہلکار (فائل فوٹو)

پاکستانی فوج کے اعلیٰ حکام نے متنبہ کیا ہے کہ عسکریت پسند دارالحکومت اسلام آباد ، راولپنڈی یا اس کے گردونواح میں دہشت گردی کی کوئی کارروائی کرسکتے ہیں ، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام متعلقہ حکام کو خصوصاً جمعہ کے روز چوکنارہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس کی طرف سے موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق سکیورٹی حکام نے مشتبہ شدت پسندوں کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی ایک گفتگو ”ریکارڈ “ کی ہے جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پیغام کے مطابق ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران ایک مشتبہ شخض کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ ”تشکیل شکرپڑیاں پہنچ گئی ہے“ جب کہ اُس کے جواب میں دوسرے شخص نے کہا کہ ”ہاں تمام لوگ پہنچ گئے ہیں “۔

بیان کے مطابق ممکن ہے کہ ”شکرپڑیاں“ کو ایک کوڈ کے طور پر استعمال کیا گیا ہو ۔ فوج کے ترجمان کی جانب سے اس پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس اطلاع کو تما م متعلقہ حکام تک پھیلایا جائے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد کے درمیان یہ گفتگو کب ریکارڈ کی گئی ہے ۔

اس پیغام کے بعداسلام آباد اور راولپنڈی میں حساس مقامات اور مساجد میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

دہشت گرد ی کا ممکنہ خطرہ، پاکستان اور امریکہ کا انتباہ
دہشت گرد ی کا ممکنہ خطرہ، پاکستان اور امریکہ کا انتباہ

دریں اثناء امریکہ نے بھی عسکریت پسندوں کی طرف سے عام شہریوں ، سرکاری اور غیر ملکی اہداف پر حملوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر پاکستان کا سفر کرنے والے یا وہاں رہنے والے امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی تنبیہ کی ہے۔ امریکی وزرارت خارجہ کے ایک تازہ بیان کے مطابق پاکستان خصوصاً ملک کے شمال مغربی حصوں میں فوج انتہا پسند عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے جس کے باعث سلامتی کی صورتحال بدستور غیر مستحکم ہے ۔

XS
SM
MD
LG