رسائی کے لنکس

دورہ بھارت: کرکٹ ٹیم کے ساتھ ماہرِ نفسیات بھیجنے کا فیصلہ


'پی سی بی' کے چیئرمین کے بقول دورہ بھارت کے دوران میں قومی ٹیم پر بہت دبائو ہوگا جس کے پیشِ نظر ٹیم کے ہمراہ ایک ماہرِ نفسیات بھی بھارت جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ماہ ہونےوالے دورہ بھارت پر قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ماہرِ نفسیات کو بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فیصلے کا اعلان جمعرات کو 'پی سی بی' کے چیئرمین ذکا اشرف نے لاہور کے نزدیک مریدکے نامی قصبے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

'پی سی بی' کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ دورہ بھارت کے دوران میں قومی ٹیم پر بہت دبائو ہوگا جس کے پیشِ نظر ٹیم کے ہمراہ ایک ماہرِ نفسیات بھی بھارت جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے کھلاڑیوں کی نفسیات کے ماہر ڈاکٹر مقبول بابری کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو دورہ بھارت کے دوران میں کھلاڑیوں کا مورال بلند کرنے میں مدد دیں گے۔

یاد رہے کہ 'اسپاٹ فکسنگ' میں سزا پانے والے پاکستان کے نوجوان فاسٹ بالر محمد آصف کی برطانوی جیل سے رہائی کے بعد ان کی کونسلنگ کے لیے بھی 'پی سی بی' نے ڈاکٹر مقبول بابری ہی کی خدمات حاصل کی تھیں۔

پچیس دسمبر سے ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران میں روایتی حریفوں کے درمیان دو ٹوئنٹی20 اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

اس دورے کے لیے قومی ٹیم کا سات روزہ تربیتی کیمپ جمعے سے لاہور میں شروع ہورہا ہے جس کے لیے 'پی سی بی' نے سابق کپتان انضمام الحق کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔

جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو میں پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف نے بتایا کہ تربیتی کیمپ کے دوران میں انضمام قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بیٹنگ بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 'پی سی بی' نے انضمام کو دورہ بھارت کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا 'بیٹنگ کنسلٹنٹ' مقرر کیا ہے تاہم وہ اپنی مصروفیات کے سبب دورے پر ٹیم کےساتھ بھارت نہیں جائیں گے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ دورہ بھار ت کے لیے متوازن 'ون ڈے' اور 'ٹی20' اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم اس دورے کے دوران میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 22 دسمبر کو بنگلور پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 25 دسمبر کو پہلا ٹوئنٹی20 میچ ہوگا۔ دوسرا ٹوئنٹی20 میچ ایک روز بعد 27 دسمبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 30 دسمبر سے چنائی میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ سیریز کا دوسرا میچ 3 جنوری کو کلکتہ جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 جنوری کو دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ سال کے وقفے بعد یہ پہلی دو طرفہ سیریز ہوگی۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 2007ء میں آخری بار بھارت کا دورہ کیا تھا لیکن نومبر 2008ء میں ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے یک طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط معطل کردیے تھے۔
XS
SM
MD
LG