رسائی کے لنکس

مسافر ٹرین اور مال بردار ریل گاڑی میں تصادم، کم ازکم چار ہلاک


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

زخمیوں کو ملتان کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں کم از کم دس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پاکستان میں ایک مسافر ٹرین اور مال بردار ریل گاڑی میں تصادم سے کم ازکم چار افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ حادثہ بدھ کو دیر گئے ملتان کے قریب واقع شیر شاہ میں پیش آیا جہاں پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس بُچہ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

تصادم سے مسافر ٹرین کی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جب کہ انجن کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

امدادی ٹیمیں حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچیں اور لاشوں اور زخمیوں کو ملتان کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں کم از کم دس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملتان کے ضلعی رابطہ افسر نادر چٹھہ نے بتایا کہ مال گاڑی کی زد میں آکر ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد یہ گاڑی یہاں روک دی گئی تھی۔ اسی اثنا میں پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس بھی اسی پٹڑی پر آ رہی تھی جو کہ مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔

بعد ازاں ریلوے حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ یہ حادثہ بظاہر مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا جس نے اسٹیشن سے قبل سرخ بتی پر دھیان نہیں دیا اور گاڑی نہیں روکی۔

حادثے کے باعث اس روٹ پر ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے اور حکام کے مطابق ریلوے ٹریفک کی بحالی میں مزید کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

پاکستان میں ریلوے لائنوں پر حادثات کوئی غیر معمولی بات نہیں اور ان کی عمومی وجہ ڈرائیور کی غفلت بتائی جاتی ہے۔ یہاں کا ریلوے لائن کا نظام 100 سال سے بھی زائد پرانا ہے۔

گزشتہ نومبر میں جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں 19 مسافر اس وقت موت کا شکار ہوگئے جب ان کی ریل گاڑی کے بریک فیل ہونے سے بوگیاں پٹڑی سے اتر گئی تھیں۔

XS
SM
MD
LG