رسائی کے لنکس

خیبر ایجنسی میں جنگجوؤں کے متعدد ٹھکانے تباہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی تازہ ترین کارروائی میں سات مشتبہ شدت پسند ہلاک اور متحد زخمی ہو گئے۔

پشاور سے ملحقہ قبائلی ایجنسی کے دور افتادہ پہاڑی علاقے کے وادی تیراہ میں متحارب شدت پسند تنظیموں کے مابین جھڑپیں جاری ہیں جب کہ سکیورٹی فورسز بھی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔

تازہ ترین کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے فضائیہ کی مدد سے خیبر ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقے اوبلام میں بدھ کی صبح شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔

اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی تازہ ترین کارروائی میں سات مشتبہ شدت پسند ہلاک اور متحد زخمی ہو گئے۔ اس کارروائی میں شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔

انٹیلی جنس ذرائع کی اطلاعات کے مطابق خیبر، اورکزئی اور کرم ایجنسیوں کے سنگم پر واقع وادی تیراہ میں روپوش عسکریت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں شدت پسندوں کے دو درجن ٹھکانے تباہ اور بیس سے زائد جنگجو مارے جا چکے ہیں۔

ادھر وادی تیراہ کے مختلف علاقوں میں متحارب شدت پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ بدھ کے دن بھی جاری رہا۔

اطلاعات کے مطابق کالعدم لشکر اسلام اور کالعدم انصار الاسلام کے جنگجوؤں کے درمیان میدان علاقے کی ایک پہاڑی چوٹی پر ہونے والی تازہ جھڑپ میں چھ جنگجو مارے گئے۔

گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری جھڑپوں میں قبائلی ذرائع کے مطابق 70 سے زائد جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ متحارب گروہوں کے جنگجوؤں کے درمیان لڑائی کے باعث سینکڑوں لوگوں نے گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی بھی کی لیکن آزاد ذرائع سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
XS
SM
MD
LG