رسائی کے لنکس

پاکستان: مزید دو مجرموں کو پھانسی دے دی گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی اور لاہور کی جیلوں میں قید دونوں مجرموں کو جمعرات کی صبح تختہ دار پر لٹکایا گیا، انھوں نے مختلف واقعات میں پولیس اہلکاروں کو قتل کیا تھا۔

پاکستان میں جمعرات کی صبح دہشت گردی کے مقدمات میں سزائے موت پانے والے دو مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔

محمد سعید عرف مولوی کو ایک سابق پولیس افسر سید صابر حسین شاہ اور ان کے بیٹے عابد حسین شاہ کو قتل کرنے کے جرم میں 2001ء میں موت کی سزا سنائی گئی تھی جس پر جمعرات کی صبح کراچی کی سنٹرل جیل میں عملدرآمد کیا گیا۔

مجرم کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ پھانسی کے بعد اس کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

ادھر لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں زاہد حسین عرف زادو کو بھی پھانسی دے دی گئی۔ اسے 1998 میں ملتان میں دو پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

گزشتہ ماہ پشاور اسکول پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں سزائے موت کے علمدرآمد پر عائد پابندی ختم کر دی تھی جس کے بعد سے اب تک ڈیڑھ درجن مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔

پشاور اسکول پر حملے میں 134 بچوں سمیت 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے ملک میں دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کی کوششوں کو تیز کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG