رسائی کے لنکس

فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رہے گی: پاکستان


پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا ہے کہ ’پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کے لئے عالمی قانون سازی کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اب اس قانون سازی میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے‘

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب، ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انسانی ترقی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے تحفظ کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں، ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی، ’یو این آر ڈبلیو اے‘ برائے فلسطینی پناہ گزیں کےحقوق کے عزم کو سراہا، جو تمام تر رکاوٹوں کے باوجود، پناہ گزینوں کو امداد فراہم کر رہی ہے۔

انھوں نے فلسطنی پناہ گزینوں کے زیر استعمال ’یو این آر ڈبلیو اے‘ اسکول کی 2014ء میں غزہ میں تباہی کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کے لئے عالمی قانون سازی کی مکمل حمایت کرتا ہے، جس معاملے میں، بقول اُن کے، ’مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے‘۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان نے تعمیر اور بحالی کے لئے ’یو این آر ڈبلیو اے‘ کو اپنے حصے کی رقم کی ادائیگی کے علاوہ گزشتہ برس غزہ کے تنازعہ میں اضافی رقم بھی فراہم کی تھی۔

اس موقع پر، پاکستانی مندوب نے دیگر ممالک سے بھی کہا کہ وہ قاہرہ کانفرنس میں کئے گئے اپنے وعدے کے مطابق، عالمی امدادی ادارے کو اپنے حصے کی رقم ادا کریں، تاکہ متاثرہ فلسطنی پناہ گزینوں کی بحالی ممکن بنائی جاسکے۔

ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ’فلسطنی عوام کے اس المیے سے نمٹنے کے لئے انسانی امداد ضروری ہے۔ لیکن، یہ کافی نہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’تنازعے کا واحد حل صرف انسانی امداد نہیں، بلکہ آزاد اور خودمختار فلسطنی ریاست ہوگا‘۔

XS
SM
MD
LG