رسائی کے لنکس

اعتماد کی کمی انسداد دہشت گردی کی جنگ کے لیے نقصان دہ


وزیر اعظم گیلانی کی امریکی اراکین سینیٹ سے ملاقات
وزیر اعظم گیلانی کی امریکی اراکین سینیٹ سے ملاقات

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اگر امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کے فقدان کو دور نہ کیا گیا تو اس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں کونقصان پہنچ سکتا ہے۔

جمعہ کواسلام آباد میں امریکی سینٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین کارل لیوین اور سینیٹر جیک ریڈ سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اوراُن کا ملک بھی یہ توقع رکھتا ہے کہ امریکہ اور دیگر دوست ممالک بھی الزام تراشی کی بجائے پاکستان کو ایسا ہی تعاون فراہم کریں۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی (فائل فوٹو)

امریکی اراکین سینٹ سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے دیگر اتحادی ممالک کو اس بات کا ادارک ہونا چاہیئے کہ دہشت گردی کی بنیادی وجوہات خاص طور پر غربت، جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، کیوں کہ دوسری صورت میں تشدد سے متاثرہ علاقوں میں، خواہ وہ پاکستان میں ہوں یا افغانستان میں، شدت پسندوں کے لیے عوامی ہمدردیوں میں اضافہ ہو گا جس سے دہشت گردی کے خاتمے کا مشترکہ مقصد حاصل نہیں ہو سکے گا۔

افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے سینیٹر کارل لیوین اور جیک ریڈ کو بتایا کہ قیام امن کے لیے افغان حکومت کی مصالحتی کوششوں کی پاکستان نہ صرف حمایت کرتا ہے بلکہ وہ چاہتا ہے افغانستان میں لسانی گروہوں کو سیاسی دھارے میں شامل کیا جائے تاکہ وہاں قیام امن کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔

بیان کے مطابق امریکی اراکین سینٹ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان موجود اعتماد کے فقدان کو کم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ وہ اپنی ذاتی حیثیت میں دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ایک روز قبل اسلام آباد میں امریکہ اور پاکستان کے اعلیٰ حکام کے درمیان مذاکرات میں انسداد دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG