رسائی کے لنکس

’’عالمی امداد میں تعطل کا فائدہ انتہا پسندوں کو ہورہا ہے‘‘


رچرڈ ہالبروک نے وزیراعظم گیلانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی
رچرڈ ہالبروک نے وزیراعظم گیلانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک کو بتایا ہے کہ عالمی برادری کی طرف سے امداد میں تعطل کے باعث پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل اور توانائی کا بحران بھی مزید سنگین ہورہا ہے اور انتہا کو پسند عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔

ہفتے کو وزیراعظم گیلانی اور رچرڈ ہالبروک کے درمیان ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اپنے عوام کو ریلیف دینے اور سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ عسکریت پسندوں سے پاک کیے گئے علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کا کام شروع کیے ہوئے ہے جب کہ ٹوکیو ڈونرز کانفرنس میں ایک سال پہلے جس عالمی امداد کا وعدہ کیا گیا تھا وہ ابھی تک بہم نہیں پہنچائی گئی۔

بیان کے مطابق امریکی خصوصی نمائندے نے پاکستان کو اقتصادی اور سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے میں بھرپور مدد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اگلے ماہ کی سات تاریخ کو اسلام آباد میں فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کا جو اجلاس ہوگا اس میں ان کا ملک عالمی برادری پر یہ زور دے گا کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ کیے گئے امداد کے وعدہ بلاتعطل پورے کرے۔

بعد میں پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ مشترکہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کے تحت دفاع، زراعت، پانی، توانائی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے علاوہ کئی شعبوں میں دوطرفہ تعاون فروغ پارہا ہے اور انھوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن بھی پاکستان کا دورہ کریں گی تاکہ اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایا جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں رچرڈ ہالبروک نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کو پیچھے دھکیلنے میں گزشتہ 18 مہینے میں پیش رفت کی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے عوام اور فوج کی قربانیاں پوری دنیا پر عیاں ہیں تاہم امریکی نمائندے کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک مشکل اور طویل لڑائی ہے اور دونوں ملکوں کو اس مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مزید بہت کچھ کرنا ہے۔

اس سوال پر کہ کیا امریکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے مخالف ہے، رچرڈ ہالبروک نے جواب دینے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دینا ان کے ملک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG