رسائی کے لنکس

امریکی عہد یدار اور نامعلوم افراد کے درمیان مسلح جھڑپ میں تین ہلاک


لاہور میں امریکی کونسلیٹ کے ایک ملازم کی کار ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں۔ امریکی عہدیدار اس کار میں سوار تھا جب مبینہ طور پر اسکے ہاتھوں تین پاکستانی ہلاک ہوگئے۔
لاہور میں امریکی کونسلیٹ کے ایک ملازم کی کار ایک مقامی پولیس اسٹیشن میں۔ امریکی عہدیدار اس کار میں سوار تھا جب مبینہ طور پر اسکے ہاتھوں تین پاکستانی ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام اور عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ لاہور میں امریکی قونصل خانے کے ایک عہدیدار اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان جمعرات کو جیل روڈ پر فائرنگ کے تبادلے کے واقعہ میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔

سپریٹنڈنٹ پولیس سول لائنز عمر سعید نے وائس آف امریکہ کو بتایا موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ’’ڈاکو‘‘ امریکی عہدیدار کی گاڑی کا پیچھا کر رہے تھے اور جب گاڑی قرطبہ چوک کے ٹریفک سگنل پر رکی تو اس پر فائرنگ شروع کر دی گئی۔

پولیس افسر کے مطابق قونصل خانے کے عہدیدار نے فوری طور پر اپنی پستول سے جوابی فائرنگ کی جس سے ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ شدید زخمی ہونے والے دوسرے شخص نے سروسز ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ عمرسعید نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد امریکی عہدیدار نے گاڑی سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔

اس مسلح جھڑپ کے بعد امریکی اہلکار نے اپنی گاڑی کو تیزی سے مخالف سمت کی طرف موڑتے وقت ایک راہ گیر کو ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

امریکی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ گاڑی میں سوار امریکی لاہور قونصل خانے کا ملازم ہے اور مقامی پولیس کے ساتھ مل کر اس واقعہ کے درست حقائق جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان میں موجود تمام سفارتکار اور قونصلر مقامی اصولوں اور ضوابط کی پابندی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے افسوسناک واقعہ سے پاک امریکہ تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے کیونکہ اس سے پہلے بھی یہ تعلقات کئی انفرادی واقعات کے باوجود برقرار رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG