رسائی کے لنکس

امریکی شہری میتھیو کو ملک بدر کر دیا جائے گا: چوہدری نثار


وزیر داخلہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بلیک لسٹ میں شامل امریکی شہری میتھیو بریٹ سے متعلق تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق یہ شخص جاسوس نہیں ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں جس امریکی شہری کو تحویل میں لیا گیا تھا وہ جاسوس نہیں ہے اور اُسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے "ایف آئی اے" نے پانچ سال قبل ملک بدر کیے گئے امریکی شہری میتھیو کو دوبارہ پاکستان آنے پر گرفتار کر لیا تھا۔

وزیر داخلہ نے جمعہ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بلیک لسٹ میں شامل امریکی شہری میتھیو بریٹ سے متعلق تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے مطابق یہ شخص جاسوس نہیں ہے۔

’’جو رپورٹ ابھی میرے پاس ہے اُس کے مطابق یہ (میتھیو) جاسوس نہیں ہے۔‘‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ میتھیو قابل اعتراض سرگرمیوں میں ملوث ضرور تھا اور اسی بنا پر اُسے بلیک لسٹ قرار دے کر اُسے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

تاہم اُنھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی کہ میتھیو کس طرح کی قابل اعتراض سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔

’’مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی روشنی میں اس شخص کو آئندہ دو تین روز میں ملک بدر کر دیا جائے گا۔‘‘

واضح رہے کہ میتھیو کا نام ملک میں داخل نہ ہونے دینے والوں کی فہرست میں شامل ہے اور اُسے ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے سے ویزہ جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد پہنچا جہاں ضروری امیگریشن کارروائی کے بعد وہ وفاقی دارالحکومت کے ایک گیسٹ ہاؤس میں منتقل ہو گیا۔

لیکن بلیک لسٹ میں شامل امریکی شہری کی پاکستان آمد کی خبروں کا وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

بعد ازاں میتھیو بریٹ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے تحویل میں لے لیا تھا۔

پاکستانی حکام کے مطابق میتھیو کو 2011ء میں بعض مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں ویزہ منسوخ کر کے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اُنھوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ بلیک لسٹ میں موجود کوئی بھی شخص پاکستان میں داخل نا ہو سکے۔

XS
SM
MD
LG