رسائی کے لنکس

امریکی فوج پاکستان میں زمینی کارروائیوں کی خواہشمند: رپورٹ


امریکی فوج
امریکی فوج

افغانستان میں امریکی افواج کے اعلیٰ عہدے دار سپیشل فورسز کی زمینی کارروائیوں کا دائرہ پاکستان کے شمال مغربی سرحدی علاقوں تک بڑھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ انکشاف امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے جس کے مطابق امریکی فوجی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ سپیشل فورسز کی مدد سے پاکستانی حدود میں موجود شدت پسندوں کو گرفتار کرنے کے بعد اُنھیں افغانستان لا کر اُن سے اہم معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

تاحال اس منصوبے کی منظوری نہیں دی گئی ہے اور پیر کے روز شائع ہونے والی اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوباما انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، نے سرحد پار کارروائی کی مخالفت کی ہے۔

نیو یارک ٹائمز نے اس عہدے دار کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی حدود میں آپریشنز ’غیر سود مند‘ ثابت ہوئے ہیں اور پاکستان میں ان کے سیاسی اثرات ماضی میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی نفی کا باعث بن سکتے ہیں۔

افغانستان میں تعنیات اتحادی افواج کے ایک عہدیدار ریئرایڈمرل گریگوری اسمتھ نے منگل کے روز ایک بیان میں امریکی اخبار کی اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’نیویارک ٹائمز کی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے‘‘۔

امریکہ نے افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقوں میں بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں کی مدد سے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

امریکی حکام ان حملوں پر تبصرہ نہیں کرتے تاہم اُن کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان میں روپوش القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کے خلاف جنگ کا اہم حصہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG