رسائی کے لنکس

طبی شعبے میں امریکی تعاون


طبی شعبے میں امریکی تعاون
طبی شعبے میں امریکی تعاون

امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری تعاون میں صحت عامہ کی سہولتوں میں جدید طریقہ کار متعارف کرانا بھی شامل ہے۔

اُنھوں نے یہ بات اپنی اہلیہ میریلن وائٹ کے ہمراہ جمعرات کو راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں قائم ٹیلی میڈیسن مرکز کے دورے کے موقع پر کی۔

اس مرکز میں امریکی اسپتالوں کے ساتھ مل کر ملک بھر سے آئے ہوئے 100 ڈاکٹروں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے، جب کہ دور دراز کےعلاقوں سے آئے ہوئے 2,000 مریضوں کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج بھی کیا گیا ہے۔

امریکی سفارت خانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی سفیر نے ٹیلی میڈیسن ای ہیلتھ تربیتی مرکز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف ظفر کے ہمراہ اسپتال کا دورہ بھی کیا۔

’’ہولی فیملی اسپتال کا امریکی اسپتالوں کے ساتھ اشتراک کار ہمارے لوگوں کی اصل روح کا عکاس ہے جو سمندر پار ہونے کے باوجود مل کر پاکستان کے دور افتادہ علاقوں میں صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی اور مریضوں کے علاج معالجے کا کام کر رہے ہیں۔‘‘

بیان میں کمیرون منٹر نے کہا کہ ’’ہم مزید مشترکہ کامیابیوں کے منتظر ہیں جو پاکستانیوں اور امریکیوں کو قریب تر لائیں گی۔‘‘

امریکہ 2003ء سے اب تک سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاک امریکہ تعاون کے سلسلہ میں ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر فراہم کر چکا ہے جس کے ذریعہ ایسے جدید منصوبوں میں اعانت کی گئی ہے جن سے دونوں مما لک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کے درمیان روابط و تعاون کو وسعت ملی ہے۔

XS
SM
MD
LG