رسائی کے لنکس

مسئلہ کشمیر کے حل میں ’امریکہ کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے‘


کشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرنے والی عارضی حد بندی (فائل فوٹو)
کشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرنے والی عارضی حد بندی (فائل فوٹو)

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تنازع کشمیر کے حل میں امریکہ کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان کے مطابق نواز شریف نے یہ بات سرکاری خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے انٹرویو میں کہی۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’امید ہے نئی امریکی انتظامیہ مسئلہ کشمیر کے حل میں معاونت کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔‘‘

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ’’امریکہ سے امداد نہیں، تجارت کا خواہاں ہے۔‘‘

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نِکی ہیلی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ میں کمی لانے میں کردار ادا کرنے کی کوشش کرے گا۔

پاکستان کی طرف سے اس پیش کش کا خیر مقدم کیا گیا تھا البتہ بھارت نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات کے حل کے لیے ’’دہشت گردی اور تشدد سے آزاد ماحول درکار ہے۔‘‘

XS
SM
MD
LG