رسائی کے لنکس

قائم مقام خصوصی امریکی ایلچی کا دورہ پاکستان


پاکستانی دفتر خارجہ
پاکستانی دفتر خارجہ

ڈیوڈ پیئرس نے منگل کو سیکرٹری خارجہ سے ملاقات میں افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور اس کے کردار کو سراہا۔

امریکہ کے قائم مقام خصوصی ایلچی برائے پاکستان و افغانستان ڈیوڈ پیئرس نے منگل کو اسلام آباد میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی ہے ۔

دفترخارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال بشمول افغانستان میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں عہدیداروں نے آئندہ مہینوں میں ہونے والے پاک امریکہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے تحت دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت کی۔

بیان کے مطابق خصوصی ایلچی ڈیوڈ پیئرس نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور اس کے کردار کو سراہا۔

سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس موقع پر افغانستان میں امن اور مصالحتی کوششوں میں پاکستان کو مثبت کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈیوڈ پیئرس پاکستان کے دو روزہ دورہ پر منگل کو اسلام آباد پہنچے ہیں جس میں وہ وزارت دفاع کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں۔

گزشتہ دسمبرمیں امریکہ کے خصوصی نمائندے مارک گراسمین کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے لیے ڈیوڈ پیئرس کو قائم مقام خوصی ایلچی مقرر کیا گیا تھا۔

پاکستان کے اپنے پہلے دورے سے قبل وہ کابل میں بھی حکام سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG