رسائی کے لنکس

ریڈیو پاکستان کی نشریات کے لیے امریکی معاونت


وفاقی وزیر اطلاعات اور امریکی سفیر
وفاقی وزیر اطلاعات اور امریکی سفیر

خیبر پختون خواہ اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے لاکھوں سامعین تک ریڈیو پاکستان کی رسائی کے لیے امریکہ نے 80لاکھ ڈالر کی معاونت فراہم کی ہے۔

جمعرات کو ریڈیو پاکستان کے اسلام آباد میں واقع صدر دفتر میں ایک تقریب کے دوران امریکی سفیر این پیٹریسن نے اعانت کے اس معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکہ موجودہ جمہوری حکومت کی آواز پورے ملک بالخصوص سرحدی علاقوں میں پہنچانے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں مدد فراہم کرنے کا خواہش مند ہے۔

امریکی سفیرنے کہا کہ یہ معاہدہ ان بہت سے طریقوں میں سے ایک ہے جن پر امریکی حکومتیں پاکستان کی اعانت کے وعدوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے عمل پیرا ہیں۔

اس امریکی اعانت سے نئے میڈیم ویوٹرانسمیٹرز کی خریداری ،پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ان کی تنصیب ہوسکے گی۔

امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ نئے ٹرانسمیٹر ڈیجیٹل سگنلز کو بہتر بنا کر ریڈیوپاکستان کی نشریات کو ملک کے ان دوردراز علاقوں تک پہنچانے کے قابل بنا دیں گے جہاں یہ اس وقت نہیں پہنچتیں۔ نشریات میں توسیع سے ان علاقوں،بشمول شمالی اور جنوبی وزیرستان کے عوام کو تفریح، خبریں او رحالات حاضرہ، صحت سے متعلق ضروری معلومات اور طالب علموں کے لیے تعلیمی پروگراموں تک رسائی حاصل ہوگی۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے اطلاعات ونشریات کے وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایک ایسے وقت پر جب حکومت پاکستان میں امن قائم کرنے لیے انتہا پسندی کے خلاف نہایت اہم جنگ لڑرہی ہے ، وہ اپنی نشریات کے ذریعے ان مردوں،خواتین اور بچوں تک امید، جرأت اور بحالی کا پیغام پہنچانا چاہتی ہے جو اس آفت سے متاثرہوئے ہیں۔

امریکی حکومت نے پاکستان کے عوام کے لیے تعلیم، صحت، طرز حکمرانی اور روزگار کے مواقع میں بہتری لانے کے لیے اگلے پانچ سالوں کے دوران ساڑھے سات ارب ڈالرز فراہم کرنے کا وعدہ کررکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG