رسائی کے لنکس

پاک امریکہ تعلقات، غیرمعینہ تعطل نقصاندہ ہوگا: تجزیہ کار


پاک امریکہ تعلقات، غیرمعینہ تعطل نقصاندہ ہوگا: تجزیہ کار
پاک امریکہ تعلقات، غیرمعینہ تعطل نقصاندہ ہوگا: تجزیہ کار

مختلف ملکوں کے قومی مفادات مختلف ہوتے ہیں، لیکن اِس کے باوجود، مذاکرات کے ذریعے مشترکہ بنیادیں تلاش کی جاتی ہیں، اور اِسی کا نام ڈپلومیسی ہے: عسکری رضوی

پاکستان امریکہ تعلقات پر ایک گفتگو میں بین الاقوامی امور کے نامورتجزیہ کارڈاکٹرحسن عسکری رضوی کا کہنا تھا کہ ’تعطل کو غیرمعینہ مدت تک نہیں لے جاسکتے‘، اور اِس کےتوڑ کے لیے، ’گفت وشنید ہی ایک طریقہٴ کار ہے‘۔

اتوار کو ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر رضوی نے کہا کہ ضرورت اِس بات کی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ڈائلاگ شروع ہو، تاکہ دونوں کی سوچ میں جو فرق ہے اُسے دور کیا جاسکے، جو بنیادیں مشترک ہیں اور جو شکایتیں پاکستان کو امریکہ سے اور امریکہ کو پاکستان سے ہیں وہ ٹیبل پر رکھ کر بات کی جاسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مختلف ملکوں کےقومی مفادات مختلف ہوتے ہیں، لیکن اِس کے باوجود، مذاکرات کے ذریعے مشترکہ بنیادیں تلاش کی جاتی ہیں، اور اِسی کا نام ڈپلومیسی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود کا کہنا تھا کہ امریکہ اور نیٹو کے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کرنا بہت ہی ضروری ہے، کیونکہ افغانستان کے حوالے سے اِن کا کردار ہے، جب کہ 2014ء کے بعد بھی اِس خطے میں امریکہ کا کوئی نہ کوئی اثر رسوخ رہے گا۔

اُن کے الفاظ میں ’ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم خود اپنی ایک جنگ لڑ رہے ہیں، اُن جنگجو قوتوں سے جو طالبان بھی ہیں اور دوسرے گروپ بھی ہیں، جس کے لیے ہمیں بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے‘۔

ملکی مفادات کا ذکر کرتے ہوئے، جنرل طلعت مسعود نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکہ ہماری خود مختاری کو پامال نہ کرے، ساتھ ہی ہمیں اس بات کے لیے بھی تیار ہونا چاہیئے کہ ہمارے پاس جو پناہ گاہیں ہیں وہاں سے لوگ جاکر دوسرےممالک کے خلاف حملے نہ کریں، تاکہ امریکہ اور نیٹو کو یہ موقع نہ ملے کہ وہ ہماری سرحد کو عبور کرکے کوئی کارروائی کریں۔ اُن کے الفاظ میں:’ہم پر ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ تو کیا ہم وہ اکیلے (سرانجام دے )سکتے ہیں بغیر امریکہ اور نیٹو کے تعاون کے؟‘

اُنھوں نے پاکستان کے اقتصادی حالات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کو ایسی پالیسی رکھنی ہوگی جس سے امریکہ اور دوسرے ممالک سے تعلقات میں بہتری آئے، ایسا نہ ہو کہ ہم الجھ کر رہ جائیں۔

آڈیو رپورٹ سنیئے:

XS
SM
MD
LG