رسائی کے لنکس

عالمی، خصوصاََ امریکی منڈی میں پاکستانی تجارت کا حصہ بڑھانے کے لیے کانفرنس


عالمی، خصوصاََ امریکی منڈی میں پاکستانی تجارت کا حصہ بڑھانے کے لیے کانفرنس
عالمی، خصوصاََ امریکی منڈی میں پاکستانی تجارت کا حصہ بڑھانے کے لیے کانفرنس

یوایس ایڈ کے مطابق سال 2010 کے دوران امریکہ کے لیے پاکستانی برآمدات کا حجم 1.7 ارب ڈالر رہا جبکہ امریکہ سے درآمدات 3.7 ارب ڈالر کی تھیں۔ امریکہ کے لیے پاکستان کی برآمدات میں اسی فیصد کپاس کی مصنوعات ہیں۔

بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے یو ایس ایڈ نے اسلام آباد میں ایک دو روزہ کانفرنس کا اہتمام کیا جس کا مقصد پبلک اور نجی شعبےکی نمائندگی کرنےوالےپاکستانیوں کا مل بیٹھ کرایسی تجاویزپرغور اور خیالات کا تبادلہ کرنا تھا جن سے علاقائی ،عالمی منڈی بالخصوص امریکہ میںپاکستان کی تجارتی شراکت داری کو بڑھانے میں مدد مل سکے اوراندرون ملک پائیدار اقتصادی ترقی اورروز گار کے مواقع پیدا کرنے کی راہ بھی ہموارہو۔

جمعے کو ختم ہونے والی کانفرنس میں صنعت ، تجارت، ریلوے ، محصولات اور دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری اور نجی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور اس بات پر غور کیا کہ کس طرح پاکستان کی تجارتی پالیسی کو مزید بہتر بنایا جائے اور مستقبل میں پاکستان کے ہمسایہ ممالک اور امریکہ سمیت دنیا بھر کے ساتھ تجارت کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ ان کا ملک عالمی تجارت کی قوت کے ذریعے پاکستان میں اقتصادی ترقی اور اس کے عوام کو روزگار تعلیم اور توانائی فرہم کرنے میںمدد دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مستحکم ، خوشحال اور مزید جمہوری پاکستان امریکہ کے مفاد میں ہے اور ایسا ملک ہی اپنے پڑوسیوں اور دنیا بھر کے لیے ایک بہتر ساتھی ثابت ہو سکتا ہے۔

کیمرون منٹر نے کہا کہ ان کے ملک کی حکومت کانگریس سے پاکستان میں ’’ری کنسٹرکشن آپرچیونیٹی زونز‘‘ کے قیام کے لیے قانون کی منظوری کے لیے کام کر رہی ہے جس کا مقصد حکام کے مطابق پاکستان کے شورش زدہ قبائلی علاقوں کی پسماندگی دور کرنا اور یہاں کے افراد کو روز گار کے مواقع دینا ہے۔

یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر انڈریو سائسن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستانی تاجروں اور اداروں کی عالمی منڈی تک رسائی بڑھانے کے لیے بہت سے اقدامات کر رہا ہے جن میں ایک ’’الیکڑانک ٹریڈ پورٹل‘‘ بنانا بھی شامل ہے جس کے ذریعے بین الاقوامی خریداروں کو پاکستان کی برآمدات کے بارے میں ضروری معلومات آن لائن دستیاب ہوں گی جبکہ طورخم اور چمن کے سرحدی علاقوں پر پلوں سمیت بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد بھی دی جا رہی ہے۔

گریتھ ڈیویس
گریتھ ڈیویس

یو ایس ایڈ کے ایک اور عہدیدار گریتھ ڈیویس نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں بتایا کہ کانفرنس کا مقصد پاکستان کے نجی اور سرکاری شعبے کو اکٹھا کر کے ایک ایسی جدید تجارتی حکمت عملی وضع کرنا ہے جس سے تجارت کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے اور افغانستان کے ساتھ تجارتی راہ داری سمیت ایسے دیگر معاہدوں پر موثر عمل درآمد ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی طرف سے بھی پاکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یوایس ایڈ کے مطابق سال 2010 کے دوران امریکہ کے لیے پاکستانی برآمدات کا حجم 1.7 ارب ڈالر رہا جبکہ امریکہ سے درآمدات 3.7 ارب ڈالر کی تھیں۔

امریکہ کے لیے پاکستان کی برآمدات میں اسی فیصد کپاس کی مصنوعات ہیں۔

XS
SM
MD
LG