رسائی کے لنکس

اب تک کاسب سے بڑا پاک امریکہ ٹریڈ شو مئی میں ہوگا


پاکستانی اور امریکی سرمایہ کاروں کے لئے اپنی بہترین مصنوعات پیش کرنے کایہ بہترین موقع ہے ۔ اس شو کے ذریعے دونوں ممالک کے لئے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں مئی میں اب تک کا سب سے بڑا ٹریڈ شو ہونے جارہا ہے جس میں 200 سے زائد پاکستانی سرمایہ کار اور تاجر بھی شریک ہوں گے۔ ٹریڈ شو 2مئی سے شروع ہوکر 5 مئی کو ختم ہوگا۔

اس میگا ایونٹ کے آرگنائزر اورپاک امریکہ ٹریڈ ایکسپو (پی اے ٹی ای )کے ای سی اوحسن جلیل جو گزشتہ دنوں پاکستان کے دورے پر تھے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور امریکی سرمایہ کاروں کے لئے اپنی بہترین مصنوعات پیش کرنے کایہ بہترین موقع ہے ۔ اس شو کے ذریعے دونوں ممالک کے لئے تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی۔

حسن جلیل نے وائس آف امریکہ کے نمائندے کو بتایا ” پاکستانی مصنوعات کی پہلے بھی کئی مرتبہ امریکہ میں نمائش ہوچکی ہے لیکن اس بار چونکہ یہ ٹریڈ شو بہت بڑے پیمانے پر ہورہا ہے اورپاکستان سے ہی دوسو سے زائد پاکستانی ایگزی بیٹرز اس میں حصہ لے رہے ہیں لہذا یہ اب تک ہونے والے تمام ٹریڈ شوز پرابھی سے برتری حاصل کرنے لگا ہے۔

ایونٹ کے چیئرمین اور چیف آرگنائزر ناظم الدین مرزاکی تجویز ہے کہ ایونٹ کاسلوگن ”ٹریڈ ناٹ ایڈ“ رکھا جائے ،کیوں کہ یہ پاک امریکہ تعلقات کا’ موٹو‘ بھی ہے۔ اس سے تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔

دونوں ممالک کے سرگردہ رہنماوٴ ں کی خواہش ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھایا جائے ۔ سن 2011ء میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم چھ ارب ڈالر کے قریب تھا۔

حسن جلیل نے وی اواے کو مزید بتایاکہ ٹریڈ شو میں جو مصنوعات میں نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی ان میں ملبوسات، بیڈ لینن، سوتی کپڑے، یارن، نیٹ وئیر، پھل ، سبزیاں، فشریز، پیٹرولیم مصنوعات، سینتھیٹک ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، دستکاری، چاول، گندم، غذائی اجزاء ، سرجیکل اشیاء، کھیل کا سامان، ماربل، گرینائٹ، آئی ٹی سوفٹ وئیر، سروسز، جیولری، ہاوسنگ ، تعمیرات اور ڈینٹل انسٹرومنٹس وغیرہ شامل ہیں۔

آرگنائرز نے دعویٰ کیا کہ نمائش کے نوے فیصد اسٹالز ابھی سے بک ہوگئے ہیں جو اس جانب اشارہ ہے کہ دونوں ممالک کے تاجروں اور سرمایہ کاروں نے اس نمائش کو تہہ دل سے ’ویلکم‘ کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG