رسائی کے لنکس

پاک امریکی خواتین کونسل کے اجرا کا اعلان


امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن
امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن

امریکی محکمہ خارجہ اور واشنگٹن ڈی سی میں امریکن یونیورسٹی مشترکہ طور پر شمالی امریکہ میں پاکستانی کاروباری شخصیات کی تنظیم کے تعاون سے، جو ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے،اس کونسل کو تشکیل دے رہی ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے رواں ہفتے پاک امریکہ خواتین کونسل کے اجراء کا اعلان کیا جس کا مقصد پاکستانی خواتین کو مزید با اختیار بنانا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کونسل کے قیام کا اعلان کے وقت واشنگٹن میں پاکستان کی سفیر شیری رحمٰن بھی یہاں موجود تھیں۔

ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ’’استحکام، سلامتی اور خوش حالی میں معاشی طور پر بااختیار خواتین کے کلیدی کردار کی اہمیت کے پیش نظر یہ کونسل پاکستان میں خواتین کی اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے بنیادی نصب العین کا کام کرے گی۔‘‘

بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ اور واشنگٹن ڈی سی میں امریکن یونیورسٹی مشترکہ طور پر شمالی امریکہ میں پاکستانی کاروباری شخصیات کی تنظیم کے تعاون سے، جو ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے،اس کونسل کو تشکیل دے رہی ہیں۔

امریکن یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر نیلیئس کیروین اور عالمی سطح پر خواتین کے مسائل کی عمومی سفیر میلان ورویر مشترکہ طور پر اس کونسل کے چیئر مین ہوں گے۔

یہ کونسل امریکی اور پاکستانی کارپوریشنز، جامعات اور انفرادی طور پر امداد فراہم کرنے والے افراد کو پاکستان میں ان پروگراموں سے مربوط کرے گی جو خواتین کو اقتصادی مواقع کی فراہمی جیسا کہ مالیاتی انتظام کی تربیت، اشیاء کی بہتری، منڈی تک رسائی، کاروباری ملکیت اور قائدانہ کردار کے لیے بنائے گئے ہیں۔ یہ کونسل مالی گرانٹ فراہم کرنے والی تنظیم نہیں ہوگی بلکہ خواتین کے لیے ایسے معاشی مواقع میں مدد کے لیے تعلقات کو مربوط بنائےگی۔

کونسل کے سربراہ ایک ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہوں گے اور اس کا دفتر امریکن یونیورسٹی میں قائم ہوگا۔ اعلیٰ پاکستانی و امریکی حکام، کاروباری رہنما اور پاکستانی نژاد امریکیوں کی اہم شخصیات کونسل کو سرگرمیوں کے حوالہ سے مشاورت فراہم کریں گی۔ کونسل کے ارکان میں پاکستانی و امریکی کاروبار اور تنظیمیں شامل ہوں گی جو خواتین کی معاشی ترقی کی اعانت کے لیے پرعزم ہیں۔
XS
SM
MD
LG