رسائی کے لنکس

سوات میں بحالی ر وزگارکے لیے امریکی حکومت کا منصوبہ


سوات میں بحالی ر وزگارکے لیے امریکی حکومت کا منصوبہ
سوات میں بحالی ر وزگارکے لیے امریکی حکومت کا منصوبہ

وادی سوات میں دہشت گردی سے متاثرہ افرادکے روزگار کی بحالی کے لیے امریکہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی”USAID“
نے گذشتہ سال جولائی سے ایک منصوبے پر کام شروع کر رکھا ہے اور اب تک اس سے7200خاندان مستفیدہوچکے ہیں۔ مقامی عہدیداروں کے مطابق امریکی امداد اور فراہم کردہ تربیت کے بعد اب یہ خاندان ماہانہ معقول رقم کما کراپنا گز ر بسر کر رہے ہیں۔

18 لاکھ ڈالر کے اس منصوبے کے تحت متاثرہ افراد بشمول خواتین کو ہنر سکھائے جاتے ہیں جن میں کاشت کاری ، لکٹری کے کام اور سلائی کڑھائی کی تربیت کے علاوہ مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جاتی ہے جس کے بعد ان افراد میں متعلقہ اوزار تقسیم کیے جاتے ہیں۔ ہفتے کے روز بھی ایسی ہی تربیت مکمل کرنے والے مرد و خواتین میں پشاور میں ایک تقریب کے دوران اوزار اور سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پشاورمیں متعین امریکی قونصل خانے کی ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ مالاکنڈڈویژن بالخصوص وادی سوات کے رہائشی دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہوئے اور ان مشکلات میں گذشتہ جولائی میں آنے والے سیلاب کے بعد مزید اضافہ ہو گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ امریکی حکومت دہشت گردی اورسیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ہنگامی امداد کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کے روزگارکی بحالی میں مددکررہی ہے تاکہ وہ اپنی معاشی مشکلات پر قابو پاسکیں۔

صوبہ خیبر پختون خواہ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے”PDMA“کے ڈائریکٹرجنرل شکیل قادرخان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے لیے امریکی امداد کے اس منصوبے کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ اُنھوں نے بتایا کہ دہشت گردی سے متاثرہ لوگوں کے روزگار کی بحالی کے دوسرے مرحلے میں امریکی حکومت سوات اورمالاکنڈ ڈویژن کے دیگراضلاع میں22 لاکھ ڈالرکے دیگرمنصوبوں پرکام جاری ہے اوریہ سلسلہ 2014تک جاری رہے گا۔

امریکی حکومت نے وادی سوات میں دہشت گردوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والے تعلیمی اداروں کی ازسرنوتعمیرکے لیے تین کروڑ ساٹھ لاکھ امریکی ڈالراورتباہ ہونے والے مکانات کی تعمیرنوکے لیے چھ کروڑ 50ڈالرفراہم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ وادی سوات میں دہشت گردی سے متاثرہ معیشت کی بحالی کے لیے بھی امریکی حکومت بھرپوردلچسپی لے رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG