رسائی کے لنکس

پاکستان میں پر جوش ’ویلنٹائن ڈے’


پاکستان میں پر جوش ’ویلنٹائن ڈے’
پاکستان میں پر جوش ’ویلنٹائن ڈے’

پاکستان میں منگل کی صبح بہت خاص تھی۔ ۔۔صبح کے تمام اخبارات” ویلنٹائن ڈے“ کی خبروں سے بھرے پڑے تھے۔ کچھ اخبارات نے تو اس حوالے سے خصوصی ضمیمے بھی شائع کئے۔

اس موقع پر بھلا ٹی وی چینلز بھی کب پیچھے رہنے والے تھے۔ سرکاری ٹی وی سمیت ملک بھر کے 17ٹی وی چینلز نے اپنے اپنے’ مارننگ شوز‘ ، ”ویلنٹائن ڈے اسپیشل “ کردیئے تھے۔

ان پروگراموں میں گفتگو اور تبادلہ خیال کے لئے ”ویلنٹائن اسپیشلسٹ“ بھی بلائے گئے تھے جنہوں نے 2،2 گھنٹے تک ایک ہی موضوع پر بات کی۔ ٹی وی چینلز دن بھر کے خبرناموں میں اس ڈے کے حوالے سے نئی سے نئی خبریں ایڈ کرتے رہے جبکہ 9بجے کے اہم ترین خبر نامے میں ویلنٹائن ڈے کی خبروں کو ایک مرتبہ پھر خصوصی توجہ دی گئی۔ کئی ٹی وی چینلز نے ان خبروں کے لئے” اسپیشل سگمنٹس“ تک ترتیب دے ڈالے۔

ویسے تو صبح ہی سے ہوٹلزاور ریسٹورینٹس میں اظہار محبت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا لیکن جیسے ہی شام ہوئی ہوٹلز ، ریسٹورینٹس ، پارکس، آئس کریم پارلرز، ساحلوں اور دیگر پکنک پوائنٹس پر نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کا رش امڈ آیا۔ اس سے ایک رات قبل مارکیٹوں اور مختلف آوٴٹ لیٹس پر بھی ٹین ایج لڑکے اور لڑکیاں رات گئے تک شاپنگ کرتے نظر آئے۔ سب سے زیادہ رش گفٹ سینٹرز پر رہا جہاں سرخ رنگ کے ’دل‘، ویلنٹائن کارڈز ، سرخ پھولوں اور سرخ و سفید رنگ کے بیئر فروخت کئے جاتے رہے۔

دن بھر ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کالز پر بھی ویلنائن ڈے کے پیغامات کا خوب تبادلہ ہوتا رہا۔ شہر کے بے شمار ہوٹلز نے خصوصی ڈنر کا اہتمام بھی کیا۔ بعض ایک مقامات پر آتش بازی بھی ہوئی۔ادھر اسکول کالجز میں بھی حاضری کچھ کم رہی جبکہ دفاتر کا حال بھی اس سے کچھ مختلف نہیں تھا۔

پاکستان میں یہ دن منانے کا اہتمام صرف ایک عشرے پرانا ہے۔ جب ملک میں ڈش ٹی وی آیا اور پڑوسی ممالک کے پروگراموں کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو اس دن کی ”اہمیت“ کا احساس ہوا تو انہوں نے بھی اسے منانا شروع کردیا۔ آج الیکٹرونک میڈیا کی بدولت اس دن سے ہر کوئی واقف ہے۔ ابتدائی برسوں میں کچھ دینی جماعتوں نے اس کی سخت مخالفت کی ، اس کے خلا ف آواز بھی اٹھائی اور اسے ”غیروں کی سازش“ بھی قرار دیا مگر اس سال یہ مزاحمت کہیں نظر نہیں آئی۔

XS
SM
MD
LG