رسائی کے لنکس

لوئر دیر: خودکش دھماکے میں کم ازکم 25 ہلاک


لوئر دیر: خودکش دھماکے میں کم ازکم 25 ہلاک
لوئر دیر: خودکش دھماکے میں کم ازکم 25 ہلاک

پاکستان کے شمالی مغربی صوبے میں جمعرات کی سہ پہر ایک خودکش بم دھماکے میں کم ازکم 25 افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ لوئر دیر کے علاقے ثمر باغ میں سدبرگ کے مقام پر حکومت کے حامی ایک قبائلی رہنما بخت سلطان کی نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی کہ ایک خودکش بمبار نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کر دیا۔

عینی شاہدین اور مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ نمازہ جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے اور زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ثمر باغ اور تیمر گرہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

شمالی پہاڑی اضلاع لوئر دیر اور اپر دیر کے سرحدی علاقوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان کی طرف سے سرحد عبور کر کے شدت پسندوں نے کئی حملے کیے ہیں۔ جب کہ ان علاقوں میں حکومت کے حامی مقامی رہنماؤں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکمران جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے ایک مقامی رہنماء شیر خان کی گاڑی کو بدھ کے روز ریموٹ کنڑول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں شیر خان ہلاک جب کہ اُن کے تین محافظ زخمی ہوگئے۔

XS
SM
MD
LG