رسائی کے لنکس

تیسرا ٹی20: سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ فاتح


فائل
فائل

گزشتہ دونوں میچوں کی طرح سیریز کے آخری میچ میں بھی انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

انگلینڈ نے آخری ٹوئنٹی 20 میچ میں پاکستان کو 'سپر اوور' میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا ہے۔

پیر کو کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے تھے۔

جواباً پاکستان بھی مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بناسکا۔ میچ ٹائی ہونے کے سبب میچ کا فیصلہ 'سپر اوور' کے ذریعے ہوا۔

'سپر اوور' میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو ایک اوور میں چار رنز کا ہدف دیا جسے انگلینڈ نے بآسانی حاصل کرلیا۔

اس سے قبل اپنی اننگز کے آغاز میں پاکستان کے ابتدائی بلے باز ایک بار پھر قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔ تیسرے اوور کے آغاز میں 11 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے تین بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

تاہم اس موقع پر سابق کپتان شعیب ملک نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 54 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔ کپتان شاہد آفریدی نے 29 اور محمد رضوان نے 24 رنز بنا کے انگلینڈ کا مقابلہ ممکن بنایا۔

آخری اوور کی پانچویں گیند پر شعیب ملک کیچ آؤٹ ہوئے تو قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے ایک گیند پر دو رنز کے ہدف کا سامنا تھا لیکن کریز پر موجود سہیل تنویر اور ان کے ساتھی عامر یامین صرف ایک رن بناسکے۔ جس کے بعد میچ کا فیصلہ 'سپر اوور' میں ہوا۔

اس سے قبل سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کا ٹاس بھی انگلینڈ نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر انگلینڈ کو جیسن رائے کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جو اپنا ٹوئنٹی20 ڈیبو کرنے والے عامر یامین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

تاہم جیمز ونِس اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 48 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔ لیکن چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر پہلے روٹ اور پھر اگلی ہی گیند پر ان کی جگہ آنے والے معین علی بغیر کوئی رن بنائے شاہد آفریدی کا نشانہ بن کر پویلین لوٹ گئے۔جو روٹ نے 32 رن بنائے۔

معین علی کے بعد بھی انگلینڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا لیکن جیمز ونس نے میچ کے اختتام تک وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر 48 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کرس وواکس 37 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں بھی انگلینڈ فتح یاب رہا تھا جب کہ اس سے قبل چار ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

XS
SM
MD
LG