رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی20: انگلینڈ نے پاکستان کو تین رنز سے ہرادیا


فائل
فائل

میچ کی آخری گیند پر پاکستان کو فتح کے لیے چار رنز درکار تھے لیکن کریز پر موجود انور علی موقع کا فائدہ نہ اٹھا پائے۔

انگلینڈ نے دوسرے ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

جمعے کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔

جواباً پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکی۔ میچ کی آخری گیند پر پاکستان کو فتح کے لیے چار رنز درکار تھے لیکن کریز پر موجود انور علی موقع کا فائدہ نہ اٹھاپائے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنرز احمد شہزاد اور رفعت اللہ مہمند نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں پانچ اوورز میں 51 رنز بنائے۔

احمد شہزاد 28 اور مہمند 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک نے 26، محمد حفیظ نے 25 اور کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے آٹھ گیندوں پر 24 رنز اسکور کیے لیکن قومی ٹیم کے بلے بازوں کی کوششوں کے باوجود 173 رنز کا بڑا ہدف حاصل نہ ہوسکا۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکیٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کرس ووکس اور عدیل راشد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر نے عمدہ بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 172 رنز بنا کر پاکستان کو ایک بڑا ہدف دینا ممکن بنایا۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز ونِس 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جوز بٹلر نے 33 رنز بنائے جنہیں انگلش ٹیم نے پہلے ٹی20 میچ میں ریسٹ دیا تھا۔

گزشتہ ہفتے اسی میدان میں پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچ میں برطانوی تاریخ کی تیز ترین سینچری کا ریکارڈ بنانے والے جوز بٹلر کا بطور کپتان یہ پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔

پاکستان کی جانب سےکپتان شاہد آفریدی نے 15 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ انور علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعے کو ہونے والے میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو دبئی ہی میں کھیلا جانے والا پہلا میچ انگلینڈ نے 14 رنز سے جیت لیا تھا۔

سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پیر کو شارجہ میں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG