رسائی کے لنکس

تیسرا ون ڈے: انگلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹ سے ہرادیا


فائل
فائل

انگلینڈ نے 209 رن کا ہدف 41 اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

انگلینڈ نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کو چھ وکٹ سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

منگل کو شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو قومی ٹیم کے لیے ناموافق ثابت ہوا۔

پاکستان کی پوری ٹیم 5ء49 اوور میں صرف 208 رن بناسکی۔ ابتدا میں پاکستانی بلے بازوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن 30 ویں اوور کے بعد پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جو میچ کے آخری اوور تک جاری رہا۔ پاکستان کے تین بلے باز خاصے مضحکہ خیز انداز میں رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 45 رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اوپنر اظہر علی نے 36 رن بنائے۔ وہاب ریاض نے 33 رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووآکس نے 40 رن دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواباً انگلینڈ نے 209 رن کا ہدف 41 اوور میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز ٹیلر اور جوز بٹلر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 117 رن بنائے اور اپنی ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا۔

جیمز ٹیلر نے 67 اور جوس بٹلر نے 49 رن اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے ظفر گوہر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد انگلینڈ کو سیریز میں 1-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا آخری میچ 20 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG