رسائی کے لنکس

کیپ ٹاؤن ٹی20: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ رنز سے ہرادیا


فائل

فائل

کپتان محمد حفیظ اور عمر اکمل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 102 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو ایک مشکل ہدف دینا ممکن بنایا۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے میزبان جنوبی افریقہ کو چھ رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا او رمقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے تھے۔

جواباً جنوبی افریقہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنا سکا۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ سعید اجمل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ 48 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جے پی ڈومینی نے 47 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

اس سے قبل پاکستان کی اننگز کی خاص بات کپتان محمد حفیظ اور عمر اکمل کی شاندار پارٹنر شپ تھی جنہوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 102 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو ایک مشکل ہدف دینا ممکن بنایا۔

عمر اکمل 64 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ محمد حفیظ نے 63 رنز بنائے۔ ڈیل اسٹین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بدھ کو ہونے والا سیریز کا پہلا میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد جنوبی افریقہ نے 'ڈک ورتھ لوئس میتھڈ' کے تحت چار رنز سے جیت لیا تھا۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان رواں سال یہ تیسری سیریز ہے جس میں دو ٹی20 میچز کے بعد دونوں ٹیمیں اب تین ایک روزہ میچز کھیلیں گی۔

اس دورے سے قبل متحدہ عرب امارات کے نیوٹرل وینو پر کھیلی جانے والی دو میچوں کی ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 0-2 سے شکست دی تھی۔

پاکستان اس دورے کے دوران پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی 1-4 سے ہار گیا تھا جب کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک-ایک سے برابررہی تھی۔
XS
SM
MD
LG