رسائی کے لنکس

دوسرا ٹی20: سری لنکا نے پاکستان کو 24 رنز سے ہرا دیا


فائل
فائل

پاکستان کی پوری ٹیم 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19.2 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹی20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 24 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔

جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے تین وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 211 رنز بنائے تھے۔

جواباً پاکستان کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 187 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شرجیل خان 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ سہیل تنویر نے 41 رنز اسکور کیے۔ شاہد آفریدی نے 13 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

سہیل تنویر اور سعید اجمل نے نویں وکٹ کی شراکت میں 63 رنز بنائے جو 'ٹی20' میچز میں ایک ریکارڈ ہے۔ لیکن ان کا یہ ریکارڈ کارکردگی بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔

پاکستان کے تین کھلاڑی – عمر اکمل، عمر امین اور بلاول بھٹی - بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ سری لنکا کی جانب سے سچیتھرا سینا نائک نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کلاسیکارا، پراسانا اور پریرا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکن اوپنرز کسل پریرا اور تلکا رتنے دلشان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ایک عمدہ آغاز فراہم کیا۔

پریرا آخر تک کریز پر موجود رہے اور اننگز کی آخری گیند پر 84 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ دلشان نے 48 اور کپتان کمار سنگاکارا نے 44 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بدھ کو دبئی ہی میں ہونے والے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے تین وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

آج کے میچ میں کامیابی کی صورت میں پاکستان 'انٹرنیشنل کرکٹ کونسل' کی ٹی20 ٹیموں کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آسکتا تھا۔ تاہم میچ ہارنے کے بعد پاکستان بدستور چوتھے جب کہ سری لنکا پہلے نمبر پر موجود ہے۔

دو ٹی20 میچوں کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات کے 'نیوٹرل وینو' پر ہونے والی اس سیریز میں پانچ ایک روزہ میچ اور تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔
XS
SM
MD
LG