رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ ،بارش سے کھیل متاثر، ویسٹ انڈیز کے 278 رنز


دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنالئے جبکہ محمد عامر 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل بارش سے متاثر ہوا ۔ دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 278 رنز بنالئے جبکہ محمد عامر 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

سبینا پارک، کنگسٹن جمیکا میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں دوسرے دن کا کھیل بارش کے باعث کئی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ جیس ہولڈر اور دیوندرا بشو نے 244 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کو آگے بڑھایا۔

دونوں بیٹسمینوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 75 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 264 رنز تک پہنچادیا۔

اس موقع پربشو 28 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

اگلی وکٹ کے لیے پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور نئے آنے والے بیٹسمین الزری جوزف کو محمد عامر نے کلین آؤٹ کیا، وہ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔

اس اننگز میں محمد عامر کی یہ پانچویں وکٹ تھی۔ محمد عامر کا اوور جاری تھا کہ بارش کے باعث ایک بار پھر میچ روکنا پڑا۔

جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 9 وکٹیں گنوا کر 278 رنز بنالئے تھے، کپتان جیسن ہولڈر 55 اور گبریئل چار رنز پر کھیل رہے تھے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5، یاسر شاہ نے 2جبکہ محمد عباس اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG