رسائی کے لنکس

شکست کا سلسلہ تھم گیا، دوسرا ون ڈے پاکستان کے نام


پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 12سال بعد شکست دی ہے۔

آسٹریلیا کی سرزمین پر پاکستان کی شکست کا سلسلہ تھم گیا۔ پہلے بولرز اور پھر بلے بازو کی عمدہ کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس نے دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

محمد حفیظ نے 72 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ آج ٹیم کی قیادت کپتان اظہر علی کی جگہ حفیظ نے کی تھی۔ بحیثیت ون ڈے کپتان یہ ان کا پہلا میچ تھا۔ وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے 28ویں کپتان بن گئے ہیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 12سال بعد شکست دی ہے۔

اتوار کو میلبورن میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے جیت کیلئے 221 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی طرف سے کپتان محمد حفیظ اور شرجیل خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کا آغاز فراہم کیا، اس موقع پر شرجیل خان فالکنر کی گیند پر وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو کیچ دے بیٹھے۔

شرجیل کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کیلئے آئے، اس دوران حفیظ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جو ایک روزہ میچوں میں ان کی 29ویں نصف سنچری ہے۔

دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنا کر اسکور 140 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر بابر اعظم تیز کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کے پیچھے باؤنڈری لائن پر ہیزل ووڈ کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 34 رنز بنائے۔

محمد حفیظ بھی جلد بازی میں غیر ضروری شاٹ کھیل کر فالکنر کی گیند پر ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ حفیظ نے 8 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے۔

شعیب ملک اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز کا اضافہ کیا، مجموعی اسکور 195 ہوا تو اسد شفیق 13 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کو کیچ دے بیٹھے۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف 48ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، شعیب ملک 42 اور عمراکمل 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے برسبین میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میلبورن میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یوں پاکستان کے حصے میں بالنگ اور فیلڈنگ آئی۔

سب سے اچھی اور نپی تلی بالنگ جنید خان نے کی جنہوں نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کرتے ہوئے 40 رنز پر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ جیسی مہنگی وکٹیں اپنے نام کیں۔ دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 16 اور 17 رنز بنائے۔

دوسری جانب محمد عامر بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہے ۔ انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اظہرعلی کی جگہ شعیب ملک اور وہاب ریاض کی جگہ جنید خان کو کھلایا گیا۔

آسٹریلیا کی پہلی اننگز
آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں اس کے بیٹسمین کی کارکردگی کچھ اس طرح رہی کہ مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد مارش بغیر کھاتہ کھولے محمد عامر کا شکار بنے۔

ٹریویس ہیڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ میکسویل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، انہیں عماد وسیم نے 23 رنز پر کلین بولڈ کیا۔

اسمتھ اور میتھیو ویڈ نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑے۔ ایک روزہ میچوں میں اسمتھ کی یہ 16ویں نصف سنچری ہے۔ وہ 60 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

میتھیو ویڈ کو شعیب ملک نے 35 رنز پر کلین بولڈ کیا۔ مچل اسٹارک کو تین کے اسکور پر جنید خان نے رن آؤٹ کیا۔ پیٹ کومنز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس طرح 49 ویں اوور کی دوسری گیند پر آسٹریلیا کی پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے تین، جنید خان اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ حسن علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرا ون ڈے 19جنوری کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG