رسائی کے لنکس

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 66 رنز سے ہرا دیا


پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے بالزر نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ نہ صرف بچا لیا, بلکہ پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں اب تک کھیلے گئے دو میچوں میں سیریز ایک ایک سے برابر کردی

پاکستان نے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقہ کو 66رنز سے ہرا کر شارجہ میچ کا بدلہ لے لیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 209رنز بنائے، جبکہ جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 210 رنزدرکار تھے۔ لیکن، اس کی پوری ٹیم 143رنز ہی بناسکی۔ اس طرح پاکستان 66رنز سے یہ میچ جیت گیا۔

آج کے میچ کی کامیابی میں سب سے اہم کردار محمد عرفان اور شاہد آفریدی کا رہا۔دونوں بالرز نے جنوبی افریقہ کے تین، تین کھلاڑیوں کو اپنی شاندار بالنگ کا نشانہ بنایا۔

جمعہ کو دبئی میں کھیلے گئے اس میچ کی خاص بات یہ رہی کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین کی جانب سے خاطرخواہ کارکردگی انجام نہ دے سکنے کے باوجود، ٹیم کے بالزر نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرا ون ڈے میچ نہ صرف بچا لیا، بلکہ پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں سے اب تک کھیلے گئے دو میچوں میں سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔

جمعہ سے قبل شارجہ میں کھیلا گیا ون ڈے جنوبی افریقہ نے صرف ایک رنز سے جیت لیا تھا جس کا آج پاکستان نے بدلا لے لیا۔

جنوبی افریقہ کے اوپنر بیٹسمین اسمتھ کو سعید اجمل کو بولڈ کیا۔ اس وقت ان کا انفرادی اسکور 14رنز تھاحالانکہ وہ 35گیندوں کا سامنا کرچکے تھے۔ اس اسکور میں انہوں نے کوئی چھکا اور چوکا نہیں مارا۔

جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ کی صورت میں انگرام سہیل تنویر کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ وہ صرف ایک چوکے کی مدد سے چار ہی رنز بناسکے تھے کہ انہیں پویلین لوٹنا پڑا۔ ان کے بعد ڈیمی کریز پر آئے لیکن محمد حفیظ نے محمد عرفان کی گیند پر انہیں 25رنز کے اسکور پر کیچ کرلیا۔

ایک موقع پر اسٹیڈیم اور خاص کر پاکستانی شائقین میں اس وقت خوشی کی لہر دوڑ گئی جب جنوبی افریقہ کا سب سے مہنگا وکٹ ویلرز کی صورت میں ملا۔ انہیں شاہد آفریدی نے عمر اکمل کے ہاتھوں 10رنز پر کیچ کرایا۔ اس وقت جنوبی افریقہ کی نصف ٹیم آوٴٹ ہوچکی تھی اور اس کا اسکور صرف 75رنز تھا۔

جنوبی افریقہ کے 83رنز کے اسکور پر پاکستان کو چھٹی وکٹ اس وقت ملی جب عبدالحفیظ کو ڈیوڈ ملر کا ایک اور مہنگا وکٹ اکھاڑنے کا شاندار موقع ملا۔اس وقت تک ملر نے 19گیندوں پرصرف گیارہ رنز ہی بنائے تھے۔

ملر کے پویلین لوٹنے کے بعد میک لارن اور پارنیل نے اپنی ٹیم کو آگے لے جانے کی ذمے دار اٹھائی۔ دونوں نے کریز پر ٹھہر کر باقی کھلاڑیوں کے حوصلے کچھ بلند کئے ورنہ اس وقت جنوبی افریقہ دباوٴ میں نظر آنے لگا تھا لیکن ٹیم کا اسکور ابھی 118ہی تھا کہ وائن پارنیل بائیس بالوں پر 21رنز بناکر آوٴٹ ہوگئے۔ انہیں محمد عرفان نے اکمل کے ہاتھوں آوٴٹ کرایا۔

پارنیل کے جانے کے بعدساتویں کھلاڑی بن کر مورکل کریز پر پہنچے لیکن محمد عرفان شاید ان کی جانب سے ہونے والی غلطی کی تاک میں بیٹھے تھے کیوں کہ ابھی وہ پانچ رنز ہی بناسکے تھے کہ محمدعرفان نے اس میچ کا سب سے بہترین بولڈ مارا اور مڈل اسٹمپ اڑا دی۔

ان کے بعد دوسرے کنارے پر کھڑے ہوئے لارن کا ساتھ دینے کے لئے سوٹ سوب میدان میں آئے لیکن سعید اجمل نے انہیں فورا ہی اچک لیا۔ ابھی وہ تین رنز کے انفرادی اسکور پر تھے کہ ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ وہ صرف چار ہی گیندوں کا سامنا کرپائے۔

نویں وکٹ کی صورت میں عمران طاہر آئے ۔ وہ پاکستانی بالرز کے سامنے خاصے سہمے ہوئے نظرآرہے تھے۔ شاپد آفریدی نے اس کا بھرپور فائداٹھایا اورانہیں صرف تین رنز پر آوٴٹ کردیا تاہم لارن ناٹ آوٴٹ رہے۔ ان کا مجموعی اسکور 29رنز رہا۔

پاکستان کی جانب سے اس کے بالرز نے آج نہایت نپی تلی بالنگ کی اور اضافی رنز کے طور پر صرف پانچ رنز جنوبی افریقہ کی جھولی میں ڈالے۔

پاکستانی بالرز میں سے محمد عرفان نے تین ،سہیل تنویر اور محمد حفیظ نے ایک ایک، سعید اجمل نے دواور شاہد آفریدی نے تین وکٹس لئے۔

کچھ اور اعداو شمار
پاکستان کی قومی ٹیم نے اب تک 801 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔ اس طرح وہ سب سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس فہرست میں سب سے اوپر بھارت ہے جس نے اب تک 837ایک روزہ میچ کھیلے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا ہے جو اب تک 824میچز کھیل چکا ہے۔

پاکستان کواب تک کھیلے گئے 801 ون ڈے میچوں میں سے 428 میں کامیابی نصیب ہوئی جبکہ347 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 8 میچ برابررہے جبکہ 17 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
XS
SM
MD
LG