رسائی کے لنکس

پہلا ٹیسٹ: پاکستان کی 221 رنز سے جیت


پاکستان کے بلے باز یونس خان نے اس میچ میں ڈبل سینچری اسکور کی جب کہ اسپنر سعید اجمل نے مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو 221 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

ہفتہ کو ہرارے میں میچ کے آخری روز زمبابوے کو میچ جیتنے کے لیے 342 رنز درکار تھے اور اس کی نو وکٹیں ابھی باقی تھیں۔

لیکن پاکستانی باؤلروں نے میزبان بلے بازوں کو جم کر نہ کھیلنے دیا۔ ابھی چوتھے دن کے اسکور میں زمبابوے صرف ایک رن کا ہی اضافہ کر سکا تھا کہ جنید خان نے کپتان ہملٹن ماساکاڈزا کو آؤٹ کردیا۔ سیباندا بھی جلد ہی جنید خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پاکستانی باؤلر عبدالرحمن نے پہلے والر، سکندر رضا اور پھر چیگمبورا کو پولین کی راہ دکھائی۔
زمبابوے کے 89 رنز پر چھ کھلاڑی آؤٹ تھے جب سعید اجمل نے اپنی باؤلنگ کا کمال دکھاتے ہوئے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کر لیں۔

زمبابوے کی ٹیم ہدف کے تعاقب صرف 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان کی طرف سے اس اننگز میں سعید اجمل اور عبدالرحمن نے چار، چار جب کہ جنید خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جو اپنی پہلی اننگز میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا اور اس کی پوری ٹیم 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

زمبابوے نے اپنی پہلی اننگز میں 327 رنز بنائے تھے۔ جواب میں مہمان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے 419 رنز پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اننگز میں یونس خان نے ڈبل سینچری اسکور کی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

یونس خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کے سعید اجمل نے اس میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ دس ستمبر کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG