رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے زمبابوے کو 41 رنز سے ہرادیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی اننگز کی خاص بات سابق کپتان شعیب ملک کی جارحانہ بلے بازی تھی جنہوں نے 76 گیندوں پر 112 رنز بنا کر اپنے کیریئر کی تیز ترین سینچری اسکور کی۔

پاکستان نے لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں زمبابوے کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

منگل کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 375 رنز بنائے تھے۔ایک روزہ میچوں میں ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کا یہ سب سے بڑا اسکور ہے۔

جواباً زمبابوے کی ٹیم 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بناسکی۔ مہمان ٹیم کے کپتان چگم بورا نے 95 گیندوں پر 117 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔

ماساکڈزا نے 73 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین وکٹیں لیں جب کہ انور علی اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

منگل کو ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو قومی ٹیم کے حق میں رہا۔

ماضی کے برعکس اس میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن خاصی مستحکم رہی اور پاکستان کے ابتدائی چاروں بلے بازوں نے نصف سینچریاں بنائیں۔

میچ کا ایک اور نمایاں پہلو ون ڈے کی تاریخ میں پہلی بار قومی ٹیم کی 150، 150 رنز کی دو پارٹنر شپ تھیں جنہوں نے ریکارڈ اسکور ممکن بنایا۔

میزبان ٹیم کی اننگز کی سب سے خاص بات سابق کپتان شعیب ملک کی جارحانہ بلے بازی تھی جنہوں نے 76 گیندوں پر 112 رنز بنا کر اپنے کیریئر کی تیز ترین سینچری اسکور کی۔

پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں محمد حفیظ اور اظہر علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 170 رنز بنائے۔ ہوم گراؤنڈ پر پہلی وکٹ کی پارٹنر شپ میں پاکستان کا یہ تیسرا بڑا اسکور ہے۔

چھبیسویں اوور کی آخری گیند پر کپتان اظہر علی 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایک اوور بعد ہی محمد حفیظ بھی پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 86 رنز بنائے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں شعیب ملک اور حارث سہیل نے قومی ٹیم کے اسکور میں 201 رنز کا اضافہ کیا۔ شعیب ملک اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ حارث سہیل 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی جانب سے پراسپراتسیا نے 2 اور تناشے پنےانگارا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چھ سال بعد پاکستان کی سرزمین پر ہونے والا یہ پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ تھا جس میں فتح کے بعد پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز ہوئی تھی جو میزبان پاکستان نے 0-2 سے جیت لی تھی۔

سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG