رسائی کے لنکس

واشنگٹن میں پاکستانی امریکی یوتھ کانفرنس اکتوبر میں منعقد ہو گی


واشنگٹن میں پاکستانی امریکی یوتھ کانفرنس اکتوبر میں منعقد ہو گی
واشنگٹن میں پاکستانی امریکی یوتھ کانفرنس اکتوبر میں منعقد ہو گی

امریکہ میں قائم پاکستانیوں کی ایک تنظیم یو ایس پاک فاؤنڈیشن، پاکستانی نژاد امریکی نوجوانوں کے لئے امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ایک تین روزہ کانفرنس کا انعقاد کرا رہی ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی امریکی یوتھ کانفرنس اکتوبر میں منعقد ہو گی
واشنگٹن میں پاکستانی امریکی یوتھ کانفرنس اکتوبر میں منعقد ہو گی

تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر عرفان ملک کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کا مقصد پاکستانی امریکی نوجوانوں کو کل کے قائدانہ کردار کے لئے تیار کرنا ہے۔ یہ کانفرنس21 اکتوبر سے23 اکتوبر تک واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہو گی۔ اس سال کانفرنس کا موضوع “ کل کے رہنماؤں کی تشکیل” ہے۔ منتظمین کا کہناہے کہ اس سال ہائی ا سکول اور کالج کے ڈھائی سو زیادہ طلبا و طالبات کے کانفرنس میں شرکت کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔ گزشتہ سال پندرہ امریکی ریاستوں سے ایک سو پچھتر طالب علم اس کانفرنس میں شریک ہوئے تھے۔

کانفرنس کےاخراجات کےمتعلق عرفان ملک کا کہنا تھا کہ منتظمین بچوں سے ایک سو پچھتر ڈالر رجسٹریشن فیس لے رہے ہیں جس سے ان کے کھانے، ٹرانسپورٹیشن اور کانفرنس کے مسودات کا آدھا خرچہ پورا کیا جائے گا۔ باقی خرچہ تنظیم خود برداشت کرے گی۔ رہائش اور آنے جانے کا کرایہ بچوں کو خود برداشت کرنا پڑے گا۔

عرفان ملک نے وائس آف امریکہ اردو سروس کو بتایا کہ کانفرنس کے دوران نوجوانوں کے پاس موقع ہو گا کہ وہ اُن پاکستانی امریکیوں سے بات چیت کے ذریعے سیکھ سکیں جنہوں نے امریکی سیاست، تجارت اور کاروبار میں ایک نام کمایا ہے۔ ان کامیاب پاکستانی امریکی افراد سے آج کے نوجوان اپنی آئندہ پیشہ وارانہ زندگی کے انتخاب، کسی خاص شعبے میں داخل ہونے کے بارے میں تیاری ، اپنا تعارفی خاکہ بنانے اور پیشہ وارانہ فن خطابت کے رموز اور قائدانہ صلاحیتوں سمیت بہت کچھ سیکھ پائیں گے۔

عرفان ملک کا کہنا تھا کہ اس تین روزہ کانفرنس کے دوران شرکا کے لئے یہ موقع بھی ہو گا کہ وہ امریکی حکومت کی مقننہ اور انتظامیہ کے متعلق سمجھ سکیں۔ امریکی سینیٹر، ایوان نمائندگان کے ارکان، وائٹ ہاؤس کے عہدیدار اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عہدیدار اس کانفرنس میں آکر ان نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ اس کانفرنس میں یہ موقع بھی ہو گا کہ طالب علم اپنے دیگر ہم عصروں سے تعارف حاصل کر سکیں اور اپنا ایک نیٹ ورک بنا سکیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے دوران مختلف ورک شاپس کا انعقاد کیا جائے گا اور طلبا کو واشنگٹن ڈی سی میں قائم حکومتی دفاتر اور سفارتخانوں کا دورہ بھی کرایا جائے گا خاص کر پاکستانی سفارتخانے کا۔

یو ایس پاک فاؤنڈیشن، پاکستانی امریکیوں کی ایک اور تنظیم، پاک پیک کی ایک ذیلی شاخ ہے۔ عرفان ملک نےبتایا کہ دوسری تنظیم زیادہ تر سیاسی کام کرتی ہے۔ اس لئے ایک ایسی تنظیم بنانے کی ضرورت محسوس ہوئی جوپاکستانی امریکیوں کو ان کے حقوق کی آگہی،پھر ان حقوق کے لئے جد جہد اور امریکہ میں پاکستانی برادری کی شناخت کو بہتر بنانے کے لئے کام کرے۔

تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائیریکٹر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی نژاد امریکیوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں بھی وہی مواقع حاصل ہیں جو باقی امریکیوں کوحاصل ہیں۔ اور ان سے پہلے بھی بہت سے پاکستانی ان ہی کی طرح کے چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنا نام بنا چکے ہیں اور آج کا نوجوان بھی ایسا ہی کرسکتا ہے۔

عرفان ملک کہتے ہیں کہ ہم ا سٹیریو ٹائپ کو ختم کر کے آج کے نوجوان کی رہنمائی، آگہی اور شعور بیدار کرنا چاہتے ہیں اور ان کو قائل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ موجود مواقع کا بھرپور انداز میں فائدہ اٹھا کر امریکی معاشرے کا ایک فعال کرداربن سکیں۔

XS
SM
MD
LG