رسائی کے لنکس

سال 2014ء پاکستانی ستاروں سے جھلملایا بالی ووڈ کا افق


بہت سے پاکستانی میگا اسٹارز ایسے ہیں جنھوں نے بالی وڈ میں خوب دھوم دھڑکے کے ساتھ اپنی پہچان بنائی۔ کون کون سے پاکستانی شوبز سلیبریٹیز نے بالی وڈ بینڈ ویگن کو 2014ء میں فتح کیا اور اپنی شناخت بنائی

سال 2014 اپنی تمام تر کامیابیاں اور ناکامیاں سمیٹ کر رخصت ہو رہا ہے۔ یہ سال جہاں پاکستانی سینما کے لئے اس حوالے سے اچھا رہا کہ فیمیلز نے فلمیں دیکھنے کے لئے سینما گھروں کا دوبارہ رخ کیا تو وہیں بہت سے پاکستانی میگا اسٹارز ایسے ہیں جنھوں نے بالی وڈ میں خوب دھوم دھڑکے کے ساتھ اپنی پہچان بنائی۔

کون کون سے پاکستانی شوبز سلیبریٹیز نے بالی وڈ بینڈ ویگن کو 2014ء میں فتح کیا اور اپنی شناخت بنائی۔ آئیے اس پر ایک تفصیلی نگاہ ڈالتے ہیں:

عمیمہ ملک
ٹیلنڈڈ ماڈل اور منجھی ہوئی اداکارہ عمیمہ ملک نے بالی وڈ میں قدم رکھا سال کی شروعات میں فلم ’راجہ نٹورلال‘ سے جس میں ان کے ہیرو تھے عمران ہاشمی۔ فلم تو باکس آفس پر کوئی کمال نہ دکھا سکی، لیکن عمیمہ کی تعریف بالی وڈ کے ناقدین نے بھی کی۔

عمیمہ کو بالی وڈ کی مزید فلمیں آفر ہوئی ہیں اور اسی لئے وہ خود کو امن کا سفیر کہتی اور بالی وڈ کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتی ہیں۔

عمران عباس
پاکستانی ٹی وی اسکرین کے چاکلیٹی ہیرو عمران عباس جن کی شہرت ٹی وی ڈراموں کے رومینٹک ہیرو کے طور پر بالی وڈ پہنچی، انہوں نے وکرم بھٹ کی ہارر تھرلر ’کریچر تھری ڈی‘ سے بالی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔

فلم میں عمران کی ہیروئن بپاشا باسو تھیں جو عمران کے بھولے بھالے معصومانہ لکس کے سامنے کافی بڑی اور مس فٹ دکھائی دیں۔ لیکن، عمران اپنے کردار سے بھرپور انصاف کرکے بالی وڈ کے فلم میکرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

فواد خان
’لاسٹ بٹ نوٹ لیسٹ‘ کے مصداق فواد خان کی بالی وڈ میں آمد ہوئی۔ ’ہمسفر‘ اور ’زندگی گلزار ہے‘جیسی میگاہٹ سیریلز سے بھارتی آڈینز کے دلوں میں گھر کرنے والے ڈیشنگ فواد خان نے سونم کپور کے مقابل فلم ’خوبصورت‘ میں شاہانہ انداز میں اینٹری دی اور چھا گئے۔

فوادخان پر بالی وڈ آفرز ٹوٹ کر برسیں اور صرف ایک فلم کے بعد ہی فوادخان کا شمار بالی وڈ کے مصروف اداکاروں میں ہونے لگا ہے۔

علی ظفر
گوکہ علی ظفر پچھلے کئی سالوں سے بالی ووڈ میں کام کر رہے ہیں اور اب تک کئی فلمیں کرچکے ہیں، لیکن سال 2014ء میں ایک فلم کے ساتھ انہوں نے بالی ووڈ سلور اسکرین پر اینٹری ماری۔ یہ فلم تھی ’کل دل‘ جس میں علی کے علاوہ رنویر سنگھ ، گووندا اور پرینیتی چوپڑہ بھی شامل تھے۔ فلم باکس آفس کا اٹریکشن نہ بن سکی لیکن اس کی بدولت انہیں کئی نئے پروجیکٹس پر کام کرنے کا موقع مل گیا۔

آنے والے سال کا نیا اٹریکشن: ماہرہ خان

آپ نے سال 2014 میں بالی وڈ میں ڈبیو کرنے والے پاکستانی اسٹارز کے بارے میں تو سن لیا اب چلتے چلتے یہ بھی جان جائیے کہ پاکستان کی ایک اور میگا اسٹار ماہرہ خان سال 2015ء میں بالی وڈ میں انتہائی ’دبنگ‘ آغاز کرنے جا رہی ہیں، کیونکہ وہ فلم ’رئیس‘ میں نظر آئیں گی کسی اور کی نہیں بلکہ کنگ خان یعنی شاہ رخ خان کی ہیروئن کے روپ میں۔

XS
SM
MD
LG