رسائی کے لنکس

عید اسپیشل فلمی میلہ، پاکستانی فلموں نے جیت لیا


گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوانی پھرنہیں آنی‘ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لئے ہیں۔ اس فلم نے ریلیز کے تین دنوں میں چوہتر اعشاریہ پانچ ملین روپے کا بزنس کرکے سلمان خان کی فلم ’کک‘ کا عید کے ابتدائی دنوں میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا ایک سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی باکس آفس پر لگنے والا ملکی فلموں کا میلہ مقامی فلموں ’جوانی پھر نہیں آنی‘ اور ’ہلا گلہ‘ نے جیت لیا۔ سینما گھروں خاص کر ’کیپری‘ اور ’ایٹریم‘ سنیما کراچی سے فلم دیکھ کر باہر نکلتے شائقین نے دونوں فلموں کو تفریح سے بھرپور قرار دیا۔

سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ نے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لئے ہیں۔اس فلم نے ریلیز کے تین دنوں میں چوہتر اعشاریہ پانچ ملین روپے کا بزنس کرکے سلمان خان کی فلم ’کک‘ کا عید کے ابتدائی دنوں میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا ایک سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ’کک‘ کے عید کے دنوں میں باکس آفس کلیکشن ستاون اعشاریہ آٹھ ملین روپے تھا۔

’جوانی پھر نہیں آنی‘ نے پہلے ہی دن بیس اعشاریہ پانچ ملین روپے کا بزنس کرکے نہ صرف فلمی حلقوں بلکہ ڈسٹریبوٹرز کو بھی خوشگوار جھٹکا دیا۔فلم کے ڈسٹری بیووٹر ’اے آر وائی فلمز‘ ہیں جس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جرجیس سیجا کے بقول، ’ریلیز کے پہلے ہی دن اس غیرمعمولی کامیابی کے بعد فلم کا بزنس ٹارگٹ 40ملین سے بڑھا کر70ملین سیٹ ہوگیا ہے۔‘

’جوانی پھر نہیں آنی‘ کے تمام شوز اب بھی ہاوٴس فل لے رہے ہیں۔ اس کامیابی کو دیکھتے ہوئے 70ملین روپے کا ہدف حاصل کرلینا کچھ ایسی بڑی اور مشکل بات بھی نہیں لگتی۔

ایٹریم سینما سے فلم دیکھ کر نکلنے والی خاتون ہما نواز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ فلم ہلکی پھلکی تفریح لئے ہوئے ہے۔ سب سے اچھی بات یہ کہ فلم کی کوالٹی بہت معیاری ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی اچھے طریقے سے کیا گیا جس کی وجہ سے فلم دیکھ کر مزہ آگیا۔‘

یہ بات تو اب تقریباً یقینی ہی سمجھیں کہ جوانی پھر نہیں آنی پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اس سفر میں اس نے ”دھوم 3“ جس نے 24ملین روپے کا بزنس کیا تھا اور پاکستانی فلم ’وار‘ جس کے باکس آفس کلیکشنز 23.4ملین تھے ، ان دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ٹری بیون اخبار کا کہنا ہے کہ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ ملک بھر میں 80اسکرینز پرریلیز کی گئی، جبکہ ’وار‘ ، ’دھوم 3‘ اور ’کک‘ بالترتیب اڑتالیس، چھپن اور اٹھاون اسکرینز پرنمائش کے لئے پیش کی گئی تھیں۔

فلم کے رائٹر اور اداکار واسع چوہدری کامیابی پر خوش تو ہیں لیکن ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ’عید، بقرعید یا دیگر تہواروں پر تمام فلموں کا ایک ساتھ ریلیز ہونا فلم کا منافع اور بزنس تقیسم کر دیتا ہے۔ عید پر ریلیز ہوئی تمام فلموں ’بن روئے، مور، رانگ نمبر، شاہ اور دیکھ مگرپیارسے کی مثال آپ کے سامنے ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ فلم میکرز اور ڈسٹری بیوٹرز باہمی رضامندی سے فلموں کو یکے بعد دیگرے ریلیز کرنے پر اتفاق کریں، تاکہ سب باکس آفس کلیکشن اور منافع کو بڑھا سکیں۔‘

XS
SM
MD
LG