رسائی کے لنکس

پاکستانی کشمیر میں پولیس اور مظاہرین میں تصادم سات زخمی


پاکستانی کشمیر کا ایک گاؤں۔ فائل فوٹو
پاکستانی کشمیر کا ایک گاؤں۔ فائل فوٹو

پاک چین  اقتصادی راہداری کے تحت صنعتی زون کے قیام سے متاثر ہونے والے چار دیہات کے لوگ اپنی شکایات کے سلسلے میں وزیر اعظم سے ملنا چاہتے تھے۔

روشن مغل

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے بھمبر میں ہفتے کے روز وزیراعظم کے سامنے اپنے مطالبات پیش کرنے والے ایک ہجوم کو روکنے کی کوشش میں پولیس اور لوگوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔

بھمبر سے پاکستانی کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے سابق سپیکر اور حزب مخالف پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما انوارالحق نے واقعہ کے بارے میں وائس آف امریکہ کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت صنعتی زون کے قیام سے متاثر ہونے والے چار دیہات کے لوگ اپنی شکایات کے سلسلے میں وزیر اعظم سے ملنا چاہتے تھے۔

ان کا کہناتھاکہ جب کشمیری وزیر اعظم دورے پر بھمبر پہنچے تو وہاں موجود لوگوں کو انتظامیہ نے بتایا کہ وہ وزیراعظم سے نہیں مل سکتے اور نہ ہی ان کے مطالبے وزیر اعظم کو پیش کیے جاسکتے ہیں۔ اس دوران جب کچھ لوگوں نے ان سے ملنے کی کوشش کی تو پروٹوکول کی گاڑیوں نے انہیں کچلنے کی کوشش کی اور واقعہ میں کچھ لوگ زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے اس موقع پر عورتیں اور بچے بھی موجود تھے۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے ترجمان راجہ وسیم نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وزیراعظم کا قافلہ لائن آف کنٹرول سماہنی بنڈالہ کی طرف جا رہا تھا۔ جب کہ پل پرکچھ مقامی لوگ پلے کارڈز اٹھائے کھڑے تھے۔ ہمیں سماہنی پہنچ کر علم ہوا کہ قافلے کی کچھ آخری گاڑیوں کو لوگوں نے روکا اوران کا پولیس کے ساتھ تصادم ہوا جس میں کچھ لوگ زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نوٹس یا شیڈول میں نہ تھا کہ انڈسٹریل زون کے بارے لوگوں کے تحفظات ہیں اور یہاں رکنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم پل پر سے گذرے تو وہاں کچھ لوگ پلے کار ڈ اٹھائے کھڑے تھے۔ ہمارے وہاں سے گذرنے کے بعد پولیس کا ان سے جھگڑا ہوا اور پولیس نے لاٹھیاں برسائیں۔ اصل مسئلہ یہ تھا کہ دو گروپ یہ اصرار کررہے تھے کہ انڈسٹریل زون ان کی زمین پر بننا چاہیے۔

راجہ وسیم نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس بارےمیں ضلعی انتظامیہ سے اس بارے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔اور کہا ہے کہ مظاہرین کے تمام جائز مطالبات پورے کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی کشمیر جنوبی ضلع بھمبر میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ایک صنعتی زون تعمیر کر نے لیے مذکورہ دیہاتوں میں زمین حاصل کی جارہی ہے ۔

XS
SM
MD
LG