رسائی کے لنکس

عدیل چوہدری، بھارتی کمرشلز میں کام کرنے والے پہلے پاکستانی


عدیل نے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور ہلچل مچا دی۔ پھر ایکٹنگ کی اور خوب نام کمایا جبکہ اب وہ کسی بھارتی برانڈ کے لئے ماڈلنگ کرنے والے پہلے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔آئیے ان کے مزید کارناموں پر ذیل میں ایک نظرڈالیں

پاکستانی برانڈز کے لئے بھارتی ایکٹرز کا کمرشلز میں کام کرنا اب کوئی نئی بات نہیں۔ لیکن، عدیل چوہدری کے حوالے سے نئی خبر یہ ہے کہ وہ پہلے ایسے پاکستانی ایکٹر اور سنگر ہیں جو ایک بڑی بھارتی کمپنی کے کمرشل میں کام کر رہے ہیں، وہ بھی ۔۔شاہ رخ خان جیسے میگا اسٹار کے ساتھ۔

عدیل ان دنوں بھارت میں ہی مقیم ہیں۔ ممبئی سے گفتگو کے دوران انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں پہلے پاکستانی ماڈل کی حیثیت سے انڈین ماڈلنگ انڈسٹری میں قدم رکھ رہا ہوں۔ اس طرح پاکستانی ایکٹرز اور ایکٹریسز کے بعد پاکستانی ماڈلز کے لئے بھی بھارتی فیشن اینڈ ماڈلنگ انڈسٹری کی راہیں کھل گئی ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’شاہ رخ خان بلاشہ ایکٹنگ، ہوسٹنگ اور ماڈلنگ کے ’کنگ‘ ہیں۔ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ یہ میری خوش نصیبی ہے۔‘

عدیل چوہدری پاکستان اور انڈین انٹرٹیمنٹ انڈسٹری کا نیا نام نہیں، ان کی دو بھارتی فلمیں ریلیز کے تیار ہیں۔ ان میں ایک فلم دہلی اور دوسری پولینڈ میں شوٹ کی گئی ہے۔

رواں سال اگست میں یہ دونوں فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی۔

عدیل سنگر ہی نہیں میوزک کمپوزر بھی ہیں۔ انہیں اپنی میوزک البم ’کوئی چہرہ‘ سے شہرت ملی جو بھارتی کمپنی ’ٹپس ریکارڈز‘ نے بھارت اور پاکستان میں ’فائر ریکارڈز‘ نے ریلیز کی تھی۔

فلم ’قسمت کنکشن‘ تو آپ کو یاد ہی ہوگی، ودیا بالن اور شاہد کپور کی اداکاری سے سجی اس فلم کا ایک گانا ’موو یور باڈی ناوٴ‘ میوزک چارٹس پر ہلچل مچا چکا ہے۔

علاوہ ازیں، ان کا ایک اور گانا ’کسے آواز دوں‘ نے بھی بہت پذیرائی حاصل کی تھی۔ یہ گانا بھارتی فلم ’جگاڑ‘ کی پہچان بنا۔

عدیل چوہدری پنجاب کے علاقے کھاریاں میں پیدا ہوئے۔ سنہ 2007 میں انہوں نے ’میرے حانیہ‘ سے ڈیبیو کیا، جبکہ اسی سال ’کسے آواز دوں‘ آیا۔ اس سے اگلے سال ویڈیو سانگ ’کوئی چہرہ‘ ریلیز ہوا۔ اس دوران، انہوں نے کئی ملکی اور بین الاقوامی کنسرٹ بھی کئے اور اپنی ایک علیحدہ پہچان بنائی۔

عدیل سنگنگ کے علاوہ اداکاری بھی کرتے رہے ہیں۔ ان کا پہلا ٹی وی ڈرامہ ’یہ زندگی ہے‘ تھا۔ اسے پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’جیو‘ نے ٹیلی کاسٹ کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG