رسائی کے لنکس

وزیراعظم کی جگہ صدر ممنون حسین کا دورہ ترکی


صدر ممنون حسین
صدر ممنون حسین

ترکی کے نو مںتخب صدر کی تقریب حلف وفاداری جمعرات کو انقرہ میں ہو رہی ہے جس میں کئی سربراہان مملکت و حکومت اور غیر ملکی اعلیٰ عہدیدار شرکت کر رہے ہیں۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین ترکی کے نو منتخب صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے جمعرات کو اسلام آباد سے ترکی پہنچے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ اس دورے میں وزیراعظم کے قومی سلامتی و امورخارجہ کے مشیر سرتاج عزیز بھی صدر کے ہمراہ ہیں۔

اس تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم نواز شریف کو ترکی جانا تھا لیکن ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کی بنا پر انھوں نے یہ دورہ منسوخ کر دیا اور ان کی جگہ صدر ممنون حسین پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 12 روز سے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے ہزاروں کارکن وزیراعظم سے مستعفی ہونے سمیت دیگر مطالبات کے ساتھ دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

حکومت احتجاجی قائدین سے مذاکرات کے ذریعے اس سیاسی بحران کو حل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن یہ معاملہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔

ترکی کے نو مںتخب صدر کی تقریب حلف وفاداری جمعرات کو انقرہ میں ہو رہی ہے جس میں کئی سربراہان مملکت و حکومت اور غیر ملکی اعلیٰ عہدیدار شرکت کر رہے ہیں۔

طیب اردوان 10 اگست کو ہونے والے صدراتی انتخاب میں ملک کے بارہویں صدر منتخب ہوئے تھے۔ یہ انتخاب ترکی کی تاریخ کے پہلے براہ راست صدرارتی انتخاب تھے۔

پاکستا ن کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان اور ترکی میں دو طرفہ نہایت گہرے اور قریبی تعلقات ہیں اور حالیہ برسوں میں دو طرفہ معاشی تعاون میں بہتری آئی ہے۔ مزید برآں صدر ممنون حسین کے دورے سے دونوں ملکوں کے قریبی تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

XS
SM
MD
LG