رسائی کے لنکس

کشمیر: بھارتی جیل میں قید پاکستانی ہلاک


فائل
فائل

جیل سپرنٹنڈنٹ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ 42 سالہ شوکت علی نے ایک اسکارف کی مدد سے خود کو کھڑکی کی آہنی سلاخوں سے لٹکا کر خود کشی کی ہے۔

بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی ایک جیل میں غیر قانونی طور پر 'لائن آف کنٹرول' عبور کرنے کے الزام میں قید پاکستانی شخص نے مبینہ طور پر خود کشی کرلی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق جموں شہر کی جیل میں قید پاکستانی شوکت علی کی لاش ہفتے کی صبح جیل کے ایک بیت الخلا سے برآمد ہوئی۔

جیل سپرنٹنڈنٹ ہریش کوتوال نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ 42 سالہ شوکت علی نے ایک اسکارف کی مدد سے خود کو بیت الخلا کی کھڑکی کی آہنی سلاخوں سے لٹکا کر خود کشی کی ہے۔

پاکستان نے واقعے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے نئی دہلی میں تعینات اپنے ہائی کمشنر سلمان بشیر کو بھارتی حکومت سے رابطہ کرکے واقعے کی تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا ہے۔

پاکستانی روزنامے 'ڈان' کے مطابق نئی دہلی میں موجود پاکستانی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام نے انہیں قیدی کی ہلاکت کی تحقیقات مجسٹریٹ سطح کے افسر سے کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سفارت کاروں کے مطابق ضابطے کی کاروائی کےبعد قیدی شوکت علی کی لاش پاکستان کے سفارتی عملے کےحوالے کردی جائے گی جس کےبعد اسے اس کے آبائی شہر سیالکوٹ روانہ کردیا جائے گا۔

بھارتی حکام کے مطابق شوکت علی کو پہلی بار 2008ء میں نامکمل سفری دستاویزات کے ساتھ 'کنٹرول لائن' عبور کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا جس کےبعد اسے 2010ء میں پاکستان بھیج دیا گیا تھا۔

تاہم 2011ء میں شوکت علی نے دوبارہ غیر قانونی طور پر کشمیر کی متنازع وادی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم کرنے والی 'لائن آف کنٹرول' عبور کی تھی جس کے بعد بھارتی حکام نے اسے حراست میں لے کر دوبارہ جیل بھیج دیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی ہلاکت کا حالیہ مہینوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال مئی میں ایک پاکستانی قیدی جیل میں موجود بھارتی قیدیوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے کےبعد جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی خراب حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارتی حکام سے ان کی سکیورٹی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی قیدیوں کو بھارتی حکام کے ہاتھوں بدترین تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کےباعث وہ بعض اوقات یا تو اپنے حواس کھو بیٹھتے ہیں یا خود کشی کرلیتے ہیں۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے 2013ء میں جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستانی جیلوں میں 535 بھارتی باشندے قید ہیں جب کہ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد 272 ہے۔
XS
SM
MD
LG