رسائی کے لنکس

محمد حفیظ کی باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

محمد حفیظ ان دنوں قومی ٹیم کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر ہیں جہاں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں انھیں نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ پر اپنے مشکوک باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے ایک سال تک گیند کروانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایمپائرز نے ان کے باؤلنگ ایکشن کے مشکوک ہونے کی رپورٹ کی تھی جس کے بعد وہ چھ جولائی کو بھارتی شہر چنئی میں اس کے تجزیے کے لیے گئے تھے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم ’آئی سی سی‘ کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے تجزیے کے نتائج کے مطابق ان کا انداز باؤلنگ کے لیے وضع کردہ قوانین کے مطابق نہیں ہے۔

ان پر ایک سال کے لیے باؤلنگ کروانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی کر سکتے ہیں۔

محمد حفیظ ان دنوں قومی ٹیم کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر ہیں جہاں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں انھیں نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

انھوں نے اس میچ میں سینچری اسکور کرنے کے علاوہ چار وکٹیں بھی حاصل کی تھیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

محمد حفیظ پر گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف باؤلنگ کرواتے ہوئے بھی ایکشن مشکوک ہونے کی شکایت کی گئی تھی جس کے بعد انھوں نے مشق کر کے اپنا انداز درست کیا اور اس ضمن میں ٹیسٹ پاس کر لیا تھا۔

34 سالہ پاکستانی کرکٹر نے اب تک 163 ایک روزہ میچوں میں 129، 44 ٹیسٹ میچوں میں 52 اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 46 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پاکستان کے ایک اور اسپنر سعید اجمل کو بھی گزشتہ سال باؤلنگ ایکشن مشکوک ہونے کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دنیائے کرکٹ میں اپنی باؤلنگ کا لوہا منوانے والے سعید اجمل نے گوکہ مشق کر کے اپنا انداز تو قوانین کے مطابق کر لیا ہے لیکن اس کے بعد وہ اب تک کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور ان دنوں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG