رسائی کے لنکس

شکاگو: فائرنگ سے پاکستانی طالبِ علم ہلاک


فائل
فائل

پولیس ترجمان کے مطابق مطاہر نے ایک ڈاکو سے اس کی پستول چھیننا چاہا جس پر دونوں میں ہاتھا پائی ہوگئی اور اس دوران گولی چل گئی۔

امریکہ کے شہر شکاگو میں ڈکیتی کی ایک مبینہ واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پاکستانی طالبِ علم ہلاک ہوگیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق واقعہ جمعے کی شب شکاگو کے علاقے 'راجرز پارک' میں پیش آیا۔ جائے واردات 'لویولا یونیورسٹی' کے کیمپس سے صرف ایک بلاک کے فاصلے پر ہے جہاں مقتول طالبِ علم زیرِ تعلیم تھا۔

شکاگو پولیس کے ترجمان تھامس سوئینی نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ 23 سالہ مطاہر رؤف اپنے بھائی کے ہمراہ علاقے میں چہل قدمی کر رہا تھا جب دو حملہ آوروں نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق مطاہر نے ایک ڈاکو سے اس کی پستول چھیننا چاہا جس پر دونوں میں ہاتھا پائی ہوگئی اور اس دوران گولی چل گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق مقتول طالبِ کو سینے اور سر میں گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران مقتول کے بھائی کو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق واردات کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

'لویالا یونیورسٹی' نے اپنے طالبِ علم کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس مقتول طالبِ علم کے اہلِ خانہ سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے جن سے رابطہ ہونے کے بعد طالبِ علم کے متعلق مزید تفصیلات ذرائع ابلاغ کو جاری کی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG