رسائی کے لنکس

پاکستانی ویژول ایفیکٹ آرٹسٹ کے لیے تیسرا آسکر


میر ظفر علی
میر ظفر علی

میر ظفر علی کو تازہ ترین آسکر ایوارڈ فلم "فروزن" کے لیے ان کے کام پر دیا گیا۔ اس سے قبل وہ فلم "دی گولڈن کمپاس" اور "لائف آف پائی" میں ویژول ایفیکٹس کے شعبے میں آسکر جیت چکے ہیں۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والے ویژول ایفیکٹ آرٹسٹ میر ظفر علی نے تیسری مرتبہ دنیا فلم کا سب سے معتبر ایوارڈ "آسکر" اپنے نام کیا ہے۔

میر ظفر علی کو تازہ ترین آسکر ایوارڈ فلم "فروزن" کے لیے ان کے کام پر دیا گیا۔ یہ فلم باکس آفس پر بھی کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ خصوصاً اس فلم کا کردار شہزادی ایلسا کا اپنا برفانی محل تعمیر کرنے کو بہت سراہا گیا۔

کمپیوٹر ایفیکٹس کی مدد سے اس میں حقیقت کا رنگ بھرنے والے میر ظفر علی ہی تھے۔

38 سالہ میر ظفر علی کا تعلق کراچی سے ہے اور سافٹ ویئر انجیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انھوں نے امریکہ میں جارجیا کے ساوانا کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن سے ویژول ایفیکٹس کی تعلیم مکمل کی۔

امریکہ جانے سے قبل وہ کراچی میں مختلف ٹی وی اشتہارات کے لیے بھی اپنی قابلیت کا ثبوت دے چکے تھے.

تقریباً دو سال کراچی میں کام کے بعد انھوں نے امریکہ میں حصول تعلیم کے لیے جانے کا ارادہ کیا جو ساوانا کالج میں ان کی داخلے کا سبب بنا۔

میر ظفر علی کمپوٹر ایفیکٹس کی مدد سے خاص طور پر قدرتی آفات کے مناظر، آتشزدگی، برفباری اور سیلاب کے مناظر بنانے میں مہارت رکھتے ہیں جب کہ تخیلاتی مناظر وضع کرنا بھی ان کا خاصہ ہے۔

2004ء میں فلم "دی ڈے آفٹر ٹومورو" میں نیویارک سے ٹکراتی سونامی کی لہریں پردہ اسکرین پر برپا کرنے کے بعد ہالی ووڈ میں ان کے کمالات کا سلسلہ شروع ہوا۔ سائنس فکشن فلم "ایکس مین" میں بھی ان کے ویژول ایفیکٹس کی مہارت دیکھی جاسکتی ہے۔

انھوں نے پہلا آسکر ایوارڈ 2008 میں فلم "دی گولڈن کمپاس" کے لیے حاصل کیے جب کہ دوسرا آسکر 2013ء میں فلم "لائف آف پائی" کے لیے ملا۔
لائف آف پائی کا ایک منظر
لائف آف پائی کا ایک منظر

فلم لائف آف پائی میں خاص طور پر بنگال ٹائیگر کو جس طرح سے سمندر میں مرکزی کردار کے ساتھ ایک عرصے تک سختیاں جھیلتے دکھایا گیا یہ سب کچھ ویژول ایفیکٹس کی مدد سے تھا اور اس کام میں ایک بڑا حصہ میر ظفر علی ہے بھی تھا۔

ان کے حصے میں دیگر کئی اہم فلمیں بھی شامل ہیں جن میں ان کے کام کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان میں پرسی جیکسن : سی آف مونسٹرز، ہوپ، یوگی بیئر، لینڈ آف دی لوسٹ، دی ممی :ٹومب آف دی ڈریگن ایمپرر، دی انکریڈیبل ہلک، سرفس اپ، اسپائڈر مین تھری، گھوسٹ رائڈر اور مونسٹر ہاؤس قابل ذکر ہیں۔
XS
SM
MD
LG