رسائی کے لنکس

پاکستانی بڑے دل والے ہیں، افسوس ہے پہلے کیوں نہیں آئی: زینت امان


زینت کا کہنا تھا کہ "پاکستان میں جس قدر بھرپور پذیرائی ملی اور شاندار استقبال ہوا، اس کی امید نہیں تھی۔"

بالی وڈ کی سینئر اداکارہ زینت امان پاکستانیوں کی میزبانی اور یہاں کے کھانوں کی مداح نکلیں۔ ساتھ ہی انہیں پاکستان دیرسے آنے کا بھی افسوس ہے۔

‘دم مارو دم۔۔۔‘ جیسے اپنے وقت کے سپر ہٹ گانے اور ’ستیم شیوم سندرم‘ جیسی ہٹ فلموں میں روایتی ڈگر سے ہٹ کرایک ماڈرن ہیروئن کے روپ کو سلور اسکرین پر متعارف کرانے والی زینت امان نے لاہور میں میڈیا کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انہیں لاہوری پلاوٴ، سرسوں کا ساگ اور مکئی کی روٹی بہت اچھی لگی۔

زینت کا کہنا تھا کہ "پاکستان میں جس قدر پذیرائی ملی اور شاندار استقبال ہوا، اس کی امید نہیں تھی۔ اب تو افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستان آنے میں دیر کیوں کی۔ پہلے آنا چاہیے تھا۔ پاکستان میں ملنے والا پیار بھلا نہیں سکوں گی۔ لاہور بہت خوبصورت ہے اور لاہوری بہت کھلے دل کے مالک ہیں۔“

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ”بالی وڈ کے بہت سے آرٹسٹس پشاور سے تعلق رکھتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت میں امن کی بحالی کے لئے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے۔“

زینت امان نے نہ صرف پاکستانی کھانوں کو پسند کیا بلکہ لاہورشہرکی سیر کی خواہش بھی ظاہرکی۔زینت کا یہ بھی کہنا تھا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ پاکستان اوربھارت کومشترکہ فلم سازی کرنا چاہیے ۔اس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں زینت امان نے کہا کہ پاکستانی فیشن بھارت میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ بھارتی لڑکیاں پاکستانی فیشن کی دیوانی ہیں۔ میں نے بھی بہت سے شلوار سوٹ خریدے ہیں۔

زینت امان پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے 23 مارچ کو واہگہ کے راستے بھارت واپس جائیں گی۔ وہ 19مارچ کو ایک بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان آئی تھیں۔ ان کی آمد کا مقصد یہاں ہونے والا ”شان پاکستان فیسٹیول“ تھا۔ ان کے ہمراہ بھارتی سنگر ریکھا بھردواج سمیت 23افراد ہیں۔

زینت امان پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہیں۔ تاہم ریکھا بھردواج کئی مرتبہ پاکستان آچکی ہیں۔ ریکھا نے فیسٹیول کے سلسلے میں منعقدہ میوزیکل نائٹ میں پرفارم کیا۔

XS
SM
MD
LG