رسائی کے لنکس

مٹھی بھرشدت پسند بھارت کی نمانندگی نہیں کرتے، اوم پوری


اوم پوری کا کہنا تھا ”کراچی کا کھانا اچھا لگا۔ یہاں کے ہوٹلوں کا کھانا مزے کا ہوتا ہے۔ پاکستانی فلم میں کام کا تجربہ بھی خوشگوار رہا۔“

بالی وڈ کے ورسٹائل ویٹرن اداکار اوم پوری کہتے ہیں کہ مٹھی بھرشدت پسند بھارت کی نمانندگی نہیں کرتے۔ وہ پاکستانیوں کی محبت کا کھلے دل سے اعتراف کرنے میں کسی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ”پاکستانیوں کی محبت ہمیشہ ساتھ رہتی ہے۔ پاکستان آنا جانا نہیں تھا تو بیرون ملک پاکستانیوں سے ملاقاتوں میں بے حد پیار اور عزت ملی۔“

کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ (ناپا) کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں اوم پوری نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا، ”کراچی کا کھانا اچھا لگا۔ یہاں کے ہوٹلوں کا کھانا مزے کا ہوتا ہے۔ پاکستانی فلم میں کام کا تجربہ بھی خوشگوار رہا۔“

اوم پوری کا یہ بھی کہنا تھا کہ "مٹھی بھر شدت پسند بھارت کی نمائندگی نہیں کرتے۔ بھارت میں لوگ پاکستانی فنکاروں کو پسند کرتے ہیں۔ پاکستانی فلم میکر ذہین ہیں۔ مشترکہ فلمسازی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی جبکہ فنکاروں کے لیے ویزے کا حصول آسان بنانا چاہیے۔“

پاکستانیوں سے وابستہ پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے اوم پوری نے بتایا کہ پیرس میں ایک پاکستانی آرٹسٹ نے میرا اسکیچ بنایا اورجب میں نے پیسے دینا چاہے تو اس نے پیسے لینے سے انکارکردیا۔ نیویارک میں بھی پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے مجھ پہچان کر پیسے لینے سے انکار کردیا تھا۔ پاکستانیوں کی گرم جوشی اورمحبت خوشی دیتی ہے۔

اوم پوری اپنی پہلی پاکستانی فلم ”ایکٹر ان لاء“ کی شوٹنگ کے لیے کراچی آئے تھے۔ فلم کی ریلیز عید الاضحی پر متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG