رسائی کے لنکس

بگرام جیل کے مزید 14 قیدی پاکستان کے حوالے


فائل
فائل

پاکستان کے دفترِ خارجہ کی ترجمان کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں کہ مزید کتنے پاکستانی قیدی اب بھی بگرام جیل میں موجود ہیں۔

امریکہ نے افغانستان کی بگرام جیل میں قید مزید 14 پاکستانی قیدی پاکستان کے حوالے کردیے ہیں۔

اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے 'وائس آف امریکہ' کے نمائندے کے ساتھ گفتگو کرتےہوئے قیدیوں کی حوالگی کی تصدیق کی ہے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان کے مطابق امریکی قید سے رہا ہونے والے یہ 14 پاکستانی ہفتے کو وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ مزید کتنے پاکستانی قیدی اب بھی بگرام جیل میں موجود ہیں۔

ان قیدیوں میں سے بعض کے اہلِ خانہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہیں 'انٹرنیشنل ریڈ کراس' کے نمائندوں نے قیدیوں کی افغانستان سے پاکستان واپسی کی اطلاع دی ہے۔

افغانستان میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے سرگرم تنظیم 'جسٹس پروجیکٹ پاکستان' کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران امریکی فوجی حکام نے افغانستان میں قید 39 پاکستانیوں کو رہا کیا ہے جن میں ہفتے کو رہا ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔

'جسٹس پروجیکٹ پاکستان' بگرام میں قید پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کی نمائندگی کرتی ہے اور ان کی طرف سے قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات اور کوششیں بھی کرتی آئی ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت نے انہیں تاحال ہفتے کو حوالے کیے جانے والے قیدیوں کے کوائف سے مطلع نہیں کیا ہے اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ اب ان افراد کو کہاں رکھا گیا ہے۔

تنظیم سے منسلک وکیل سارہ بلال نے 'وائس آف امریکہ' سے گفتگوکرتےہوئے بتایا کہ پاکستانی حکام نے انہیں اب تک ان نو قیدیوں کے بارے میں بھی معلومات فراہم نہیں کیں جنہیں گزشتہ ماہ امریکی حکام نے پاکستان کے حوالے کیا تھا۔

سارہ بلال نے کہا کہ انہیں اندیشہ ہے کہ ہفتے کو رہا ہونے والے قیدیوں کو بھی پاکستانی حکام ان کے اہلِ خانہ یا وکلا کو بتائے بغیر اسی طرح اپنی تحویل میں رکھ سکتے ہیں۔

افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے پیشِ نظر امریکی حکام کابل کے شمال میں بگرام کے ہوائی اڈے پر قائم حراستی مرکز بند کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

افغانستان میں امریکی فوج کا مشن رواں سال دسمبر میں ختم ہوجائے گا جس کے بعد امریکی فوج افغانستان میں قیدیوں کو اپنی تحویل میں رکھنے کے قانونی حق سے بھی محروم ہوجائے گی۔

امریکی فوج اس ڈیڈلائن سے قبل بگرام میں قید غیر ملکی قیدیوں کو ان کے آبائی ملکوں کے حوالے کر رہی ہے۔ افغانستان میں امریکی فوجی کمانڈر وضاحت کرچکے ہیں کہ ان کا ان غیر ملکی قیدیوں کو افغان حکومت کے حوالے کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

XS
SM
MD
LG