رسائی کے لنکس

نتن یاہو اور عباس کے مذاکرات کا دوسرا دورمکمل


دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ براہِ راست مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے میدان ہموار کرنے کے لیے اُن کے مذاکرات کار اگلے ہفتے گفتگو جاری رکھیں گے۔

مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم بینجمن نتن یاہو اور فلسطینی صدرمحمود عباس سخت معاملات پر گفتگو مذاکرات کے آخری لمحے کے لیے نہیں چھوڑ رہے ہیں۔

جارج مچل نے یہ بات بدھ کو کہی جِس سے قبل مسٹر نتن یاہو اور مسٹر عباس نے امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن کے ساتھ امن مذاکرات کے دوسرے دِن کی بات چیت مکمل کی۔

مچل نے کہا کہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنما مشکل معاملات کو صاف گوئی سے حل کررہے ہیں اور آبادکاری کے معاملے پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

امریکی ایلچی نے وضاحت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ براہِ راست مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے میدان ہموار کرنے کے لیے اُن کے مذاکرات کار اگلے ہفتے گفتگو جاری رکھیں گے۔

اِس سے قبل بدھ کو ہلری کلنٹن نے کہا کہ اسرائیلی اور فلسطینی رہنما مشکل معاملات پر بات چیت کی طرف آگےبڑھ رہے ہیں اور اُن کا دھیان مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے کی روح یعنی اصل مسائل کے حل کی طرف ہے۔
وزیرِ اعظم نتن یاہو نے کہا کہ اُن کی حکومت بستیوں کی تعمیر پر عارضی پابندی کی میعاد میں اضافہ نہیں کرے گی، جب کہ فلسطینی عہدے داروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر اسرائیل نے نئی آبادکاری جاری رکھی تو وہ امن مذاکرات سے الگ ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG